November 16, 2026

کالم سدابہار کا اغوا — ریاست کہاں ہے؟ تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

20250523_201507

کالم
سدابہار کا اغوا — ریاست کہاں ہے؟
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

پاکستان کے دل دہلا دینے والے مناظر ایک بار پھر بلوچستان کی سرزمین پر رقم ہو گئے۔ کوئٹہ سے تونسہ شریف جانے والی سدابہار ڈائیو بس، جس میں درجنوں مسافر سوار تھے، اچانک راستے سے غائب ہو گئی۔ بعد ازاں اطلاعات آئیں کہ بس کو بھارتی لیبریشن آرمی (BLA) کے شدت پسندوں نے اغواء کر لیا ہے۔ عملہ، مسافر، عورتیں، بچے—سب غیر محفوظ ہاتھوں میں۔

یہ اغواء صرف ایک بس کا نہیں، بلکہ ریاست کی عملداری، عوام کے اعتماد، اور قومی سلامتی کے اُس پورے بیانیے کا اغواء ہے، جس کی بنیاد پر ہم کہتے ہیں کہ ہم ایک محفوظ ملک ہیں۔

سوال یہ ہے کہ بلوچستان کی شاہراہیں کس کے کنٹرول میں ہیں؟ سیکیورٹی چیک پوسٹوں، FC کی گشت، اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کے باوجود اتنی بڑی واردات کیسے ہو گئی؟ کیا مسافر بسیں اب دشمن کے نشانے پر ہیں؟ اور اگر ہاں، تو پھر ہم محفوظ کہاں ہیں؟

بھارتی لیبریشن آرمی برسوں سے بلوچستان میں تخریبی کارروائیاں کر رہی ہے، جس کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، اور اس کا اعتراف عالمی ادارے بھی کر چکے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ ہماری ریاست اس خطرے کو روکنے کے لیے عملی طور پر کیا کر رہی ہے؟

اغواء کی اس واردات نے ثابت کر دیا ہے کہ دشمن ہمارے داخلی راستوں پر موجود ہے، اور ہم ابھی تک بیان بازی اور مذمتی قراردادوں میں الجھے ہوئے ہیں۔ کیا ان مسافروں کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ بلوچستان میں سفر کر رہے تھے؟ کیا ان کے لیے تحفظ مانگنا، انصاف مانگنا، اور بازیابی کی اپیل کرنا بھی جرم بن چکا ہے؟

ریاستِ پاکستان کو اب فیصلہ کرنا ہو گا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ایک نعرہ نہیں، فرض ہے۔ BLA جیسے گروہوں کو صرف سخت کارروائی سے نہیں، بلکہ مؤثر حکمت عملی، مقامی لوگوں کے اعتماد، اور بین الاقوامی سطح پر سچ کو اجاگر کر کے روکا جا سکتا ہے۔

آخر میں صرف اتنا کہوں گا:

بسیں اغواء ہو رہی ہیں، اور ہم بحثوں میں گم ہیں
یہ وقت ہے جاگنے کا، ورنہ باقی بھی خواب ہو جائیں گے

— محمد حنیف شاہد ارائیں