ضمیر فروش صحافت کی داستانیں
ضمیر فروش صحافت کی داستانیں
قسط دوم: ایجنسیوں کے مائیک پر بیٹھے اینکر
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
کبھی کبھی ایسا لگتا ہے جیسے پاکستان کے کچھ اینکر پرسن، چینل کے مائیک کے بجائے کسی خفیہ ادارے کے مائیک پر بیٹھے ہوتے ہیں۔ بریکنگ نیوز سے پہلے ان کو حکم نامہ موصول ہوتا ہے، اور نیوز روم سے زیادہ ان کی وابستگی “روم نمبر چار” سے ہوتی ہے۔
ان کے چہرے پر سنجیدگی، لب و لہجہ میں وقار، اور الفاظ میں حب الوطنی کا تڑکا — لیکن اندر سے وہ اس اسکرپٹ کے غلام ہوتے ہیں جو انہیں لکھ کر دیا جاتا ہے۔ اور جو اس اسکرپٹ سے ہٹ جائے، وہ نہ صرف غدار کہلاتا ہے بلکہ اگلی صبح اپنے پروگرام سے بھی غائب ہوتا ہے۔
یہ اینکر وہی ہوتے ہیں جو کل تک “تبدیلی” کے عاشق تھے، آج “ووٹ کو عزت دو” کے مرید بن چکے ہیں، اور کل کو شاید “نیوٹرل کی عظمت” کے گیت گائیں گے۔ ان کی وفاداری نظریے سے نہیں، نیوز پیکیج سے مشروط ہوتی ہے — وہ بھی لفافے والے!
ان کے ٹاک شوز میں حقائق کم اور ہدایات زیادہ ہوتی ہیں۔ مہمان وہی بلائے جاتے ہیں جو “مخصوص ایجنڈا” کو آگے بڑھا سکیں۔ اور اگر کوئی مہمان تھوڑا سا بھی سچ بولنے لگے تو یا تو آواز بند، یا لائیو شو اچانک “ٹیکنیکل خرابی” کا شکار۔
یہی وہ کردار ہیں جنہوں نے صحافت کو “پیشہ” سے “فروختنی مال” بنا دیا ہے۔ اور یہ سب کچھ وہ ایک “قومی مفاد” کے غلاف میں لپیٹ کر پیش کرتے ہیں تاکہ عوام کو سچ اور پراپیگنڈے کا فرق محسوس نہ ہو۔
تو صاحبو، جب بھی کسی اینکر کی آنکھوں میں نمی دیکھو، یا لب و لہجہ جذبات سے لبریز ہو، تو ذرا رک کر سوچو — کہیں یہ اسکرپٹ کی شاندار ادائیگی تو نہیں؟