November 16, 2026

کالم عنوان: پولیس کی فرضی کارروائیاں اور جعلی پرچوں کا المیہ تحریر: عمران گل

IMG-20250522-WA0012

کالم

عنوان:
پولیس کی فرضی کارروائیاں اور جعلی پرچوں کا المیہ

تحریر: عمران گل

—

ہر مہذب اور منصف معاشرے میں پولیس کا ادارہ عوام کی جان و مال کا محافظ اور ریاست کے قانون کا پاسبان سمجھا جاتا ہے۔ مگر افسوس کہ ہمارے ملک میں یہ ادارہ کئی بار اپنے اصل کردار سے ہٹ کر ظلم و زیادتی اور ذاتی مفادات کا آلہ بن چکا ہے۔ بعض اہلکار ترقی کی ہوس، سیاسی دباؤ اور مالی لالچ کی خاطر فرضی کارروائیوں اور جعلی مقدمات کا سہارا لے کر معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں۔
پاکستان میں جعلی پرچوں اور فرضی پولیس کارروائیوں کا رجحان سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔ آئے روز ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جن میں کسی بے گناہ شخص پر جھوٹا مقدمہ بنا کر اسے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے یا پولیس مقابلے میں مار کر کیس کو “حل شدہ” قرار دے دیا جاتا ہے۔
اہلکار بعض اوقات اپنی کارکردگی بڑھانے، افسران کی خوشنودی حاصل کرنے اور ترقی کی دوڑ میں سبقت لے جانے کے لیے فرضی کیسز بناتے ہیں۔ سنگین جرائم میں جب اصل مجرم نہ ملے تو کسی کمزور، غریب یا سیاسی مخالف کو گرفتار کر کے سارا الزام اس پر ڈال دیا جاتا ہے۔ کئی مرتبہ تھانے میں تشدد کر کے زبردستی اعترافِ جرم بھی کروایا جاتا ہے تاکہ کیس فائل بند ہو اور اہلکار کی کارکردگی رپورٹ بہتر ہو سکے۔
اس کے علاوہ سیاسی اثرورسوخ اور علاقائی طاقتور شخصیات بھی پولیس کو اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کرتی ہیں۔ جائیداد کے جھگڑے، ذاتی دشمنی، اور سیاسی مخالفت میں بے گناہ شہریوں کے خلاف جھوٹے پرچے درج کروائے جاتے ہیں۔ ایسے مقدمات میں پولیس اہلکار یا تو رشوت لے کر یا دباؤ میں آ کر معصوم لوگوں کی زندگی برباد کر دیتے ہیں۔اس صورتحال کا سب سے افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اکثر متاثرہ افراد مالی اور سماجی طور پر اتنے کمزور ہوتے ہیں کہ وہ اپنا قانونی دفاع بھی نہیں کر سکتے۔ برسوں جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنے کے بعد بھی جب وہ بے گناہ ثابت ہوتے ہیں تو ان کی زندگی کی قیمتی بہاریں مٹی میں مل چکی ہوتی ہیں اور وہ معاشرتی طور پر بے حیثیت ہو چکے ہوتے ہیں جعلی پرچوں اور فرضی مقابلوں میں کئی معصوم شہری پولیس حراست میں تشدد کا نشانہ بن کر زندگی بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔ بعض اوقات انہیں قتل کر کے پولیس مقابلہ ظاہر کر دیا جاتا ہے اور اہلکاروں کو انعام و ترقی سے نوازا جاتا ہے جس کا نتیجہ کہ یہ سارا سلسلہ انسانی حقوق کی کھلی پامالی اور نظامِ انصاف کے چہرے پر بدنما داغ ہے. ایسے ہی جھنگ پولیس کے اندر بھی میڈیا پر آنے جلد ترقی کے حصول، مالی لالچ، اور افسران بالا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے جعلی پرچوں کا اندراج اور فرضی کاروایوں کا سلسلہ طول پکڑ رہا ہے حلانکہ افسران ان تمام فرضی کہانیوں کوجاننے سمجھنے کے باوجود اپنے وقار کو بلند کرنے کے لیے خاموش ہیں. اب وقت آ چکا ہے کہ حکومت پولیس اصلاحات پر سنجیدگی سے توجہ دے۔ جعلی پرچے درج کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، آزادانہ انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور پولیس کی بھرتی سے لے کر تربیت تک ہر مرحلے پر میرٹ اور انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے اس کے ساتھ ساتھ عدلیہ، سول سوسائٹی اور میڈیا کو بھی چاہیے کہ وہ ایسے واقعات کے خلاف آواز بلند کریں اور مظلوم شہریوں کا ساتھ دیں۔ تبھی ہم ایک منصف، محفوظ اور مہذب معاشرے کی بنیاد رکھ سکیں گے جہاں پولیس واقعی عوام کی محافظ اور قانون کی خادمہ بنے، نہ کہ ظلم و جبر کا آلہ کار.

(ختم شد)