سکھر(بیورو چیف دعا آن لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن )
سکھر کی اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج میں آر او پلانٹ کا افتتاح اور ایڈوانسڈ واٹر کوالٹی لیبارٹری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ افتتاح ضلع کونسل سکھر کے چیئرمین جناب سید کمیل حیدر شاہ نے کیا، ایڈوانسڈ واٹر کوالٹی لیبارٹری کے منصوبے کی لاگت 26.28 ملین ہے جسے سکھر ضلعی حکومت نے عطیہ کیا ہے۔
اروڑ یونیورسٹی سکھر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ نے تمام معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا، مہمانوں میں ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو، ڈی سی سکھر، آئیکون گروپ آف کمپنیز کے سی ای او جناب عامر غوری اور جناب گورداس وادھوانی (سینئر وائس چیئرمین) جناب محمد کامل فاروقی (نائب صدر) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سکھر اور ضلع کونسل کے ممبران شامل تھے۔ ڈاکٹر کھنڈ صاحب نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ایم این اے سید خورشید احمد شاہ صاحب اور چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ صاحب کی جانب سے اروڑ یونیورسٹی سکھر کی ترقی کے لیے تعاون کو سراہا اور میڈیا کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر ایم بی راجہ دھریجو نے اروڑ یونیورسٹی کی ترقی کے لیے ڈاکٹر کھنڈ صاحب کی خدمات کا اعتراف کیا اور صاف پانی کے استعمال کے بارے میں تفصیلی بات کی۔
مہمان خصوصی سید کمیل حیدر شاہ صاحب نے سکھر اور علاقے میں تعلیم کی بہتری کے لیے ڈاکٹر کھنڈ صاحب کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اروڑ یونیورسٹی میں ضرورت مند طلباء کو مختلف اسکالرشپ پروگراموں کے ذریعے مالی امداد کو بھی یقینی بنایا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگار تحائف پیش کیے گئے۔
۔