*چیئرمین پرائم منسٹریوتھ پروگرام رانامشہود احمد خان کا جامعہ کراچی میں زیر تعمیر فٹبال گراؤنڈ ودیگرپراجیکٹس کا دورہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے گزشتہ روز جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی، دوران ملاقات انہیں جامعہ کراچی میں ایچ ای سی پاکستان کے تعاون سے جاری منصوبوں جس میں عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ زیر تعمیر فٹبال گراؤنڈ، یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر و دیگر منصوبوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اوریک) جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدہ حورالعین نے اوریک کے زیر اہتمام ہونے والی سرگرمیوں اور بالخصوص جامعہ کراچی و مختلف انڈسٹریز کے مابین اشتراک کے حوالے سے شرکاء کو بریفینگ دی اور جامعہ کراچی میں جاری دیگر منصوبوں پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ بعد ازاں رانا مشہود احمد خان نے جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر شائستہ تبسم کے ہمراہ فٹبال گراؤنڈ، یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر و کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر اور دیگر منصوبوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں کہا کہ آج کا نوجوان ترقی چاہتا ہے اور نوجوانوں کی ترقی ہی شہباز شریف کا ویژن ہے۔ جب نواز شریف وزیر اعظم تھے تو انھوں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کا آغاز کیا تھا، یہ ایسا پروگرام ہے جو ہر شعبے میں پاکستان کے نوجوانوں کو راستہ دکھاتا ہے اور طلبہ کے آئیڈیاز کو آگے لے کر جاناچاہتا ہے اور ملک بھر میں نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر یہ مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ رانا مشہود نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اعلیٰ تعلیم ہمیشہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل رہی ہے کیونکہ ہمیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں اگرچہ 2018 ء کے بعد ایچ ای سی کی گرانٹ میں تواتر کے ساتھ کٹوتی ہوتی رہی ہے لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بجٹ میں ایچ ای سی کی گرانٹ میں ہونے والی کٹوتی کی تجویز کو یکسر مسترد کیا اور ایچ ای سی کی گرانٹ میں کٹوتی نہیں ہونے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2018 ء تک وزیر اعظم نوازشریف تواتر کے ساتھ ایچ ای سی کی گرانٹ میں اضافہ کرتے رہے، اگرچہ ملک مالی مشکلات کا شکار ہے لیکن آئندہ بجٹ میں ایچ ای سی کی گرانٹ میں اضافے کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ ہمارے ملک میں موجود ٹیلنٹ کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں انہیں دیگر مواقعوں کے ساتھ ساتھ اسپورٹس کے میدانوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بھر مواقع فراہم کئے جارہے ہیں اور جامعہ کراچی میں زیر تعمیر فٹبال گراؤنڈ اور یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے جامعہ کراچی میں جاری تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں سے رانا مشہود کو آگاہ کیا اور کہا کہ اس طرح کے منصوبوں سے نوجوانوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے اور وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں گے۔ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر جامعہ کراچی سعید احمد شیخ نے جامعہ کراچی میں زیر تعمیر فٹبال گراؤنڈ کی کام، لاگت رقبے اور تکمیل کے حوالے سے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کو تفصیلی بریفینگ دی۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ، انچارج اسپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن، کوآرڈینیٹر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام فہد شفیق اور جامعہ کراچی کے انجینئر محمد سہیل بھی موجود تھے۔