November 16, 2026

بہاولنگر علم و حکمت کے چراغ روشن کرنے والی خواتین سربراہان ادارہ جات کے اعزاز میں ایک

20250516_204446

بہاولنگر علم و حکمت کے چراغ روشن کرنے والی خواتین سربراہان ادارہ جات کے اعزاز میں ایک بصیرت افروز، پُروقار اور روح پرور اجلاس گورنمنٹ بوائز سٹی ہائی اسکول بہاولنگر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت معزز ڈاکٹر میاں عطاء محمد ظہیر (چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاول نگر)

بہاولنگر نے فرمائی، جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے علم دوست شخصیت محترم گلزار احمد بھٹی (چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، قصور) نے اپنے قیمتی خیالات سے نوازا۔ اس عظیم الشان اجلاس میں محترم صغیر احمد جاوید (ڈی ای او سیکنڈری)، محترم محمد اسلم (ڈی ای او ایلیمنٹری مردانہ) اور محترمہ سمیرا شاہین (ڈی ای او ایلیمنٹری زنانہ) کی شرکت نے محفل کو مزید علمی جِلا بخشی۔ ضلع بھر سے تشریف لانے والی خواتین سربراہان کی بھرپور شرکت نے اس اجلاس کو ایک یادگار اور تاریخی لمحہ بنا دیا۔

چیف گیسٹ نے اپنے خطاب میں اساتذہ کو قوم کا اصل معمار قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اسکول کونسل کے مالی وسائل کو شفافیت، دیانت اور دانشمندی کے ساتھ استعمال میں لایا جائے تاکہ تعلیمی اہداف کی تکمیل مؤثر انداز میں ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم وہ چراغ ہے جو نسلوں کی تقدیر سنوارتا ہے، لہٰذا ہمیں صرف امتحانی کامیابی نہیں بلکہ نفع پہنچانے والا علم فراہم کرنا ہوگا — ایسا علم جو کردار سازی، فکری بصیرت اور عملی زندگی میں راہنمائی فراہم کرے۔

ڈاکٹر میاں عطاء محمد ظہیر نے اجلاس کے پہلے سیشن میں اسٹریٹجک و تعلیمی رہنمائی کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں “ہمارا مرتبہ” پہچان کر، خلوص، عزم، اور دیانت کے ساتھ اپنے تعلیمی اداروں کو مثالی بنانا ہوگا۔ انہوں نے آؤٹ آف اسکول بچوں کی فوری نشاندہی، ان کے داخلے کو یقینی بنانے، اور ڈراپ آؤٹ کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے کے لیے والدین سے مؤثر روابط استوار کرنے پر زور دیا۔ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے انہوں نے سبق کی منصوبہ بندی، طلبہ کی شمولیت، کلاس روم مشاہدہ اور باقاعدہ جائزہ کو بنیاد بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسرے سیشن میں ادارہ جاتی نظم و ضبط اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فعال بنانے کے لیے جامع تجاویز پیش کی گئیں، جن میں مارننگ اسمبلی، قرآن پاک کی تلاوت بمع اردو ترجمہ، روزانہ پیغام، ہفتہ وار لیکچر، اردو و انگلش گرامر اور خطاطی کی تربیت، نیز سائنس کلب، اسپورٹس کلب اور بزمِ ادب کے قیام کی ہدایات شامل تھیں۔ مزید برآں، کلاس مانیٹر سسٹم کے ذریعے نظم و ضبط کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

محترم صغیر احمد جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ دفتر ہٰذا تعلیمی میدان میں درپیش تمام مسائل کو جنگی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہر سطح پر مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

اجلاس کا اختتام امید، ولولے، اور نئے عہد کے ساتھ ہوا کہ ہم سب مل کر تعلیم کے افق پر ایک ایسی روشن صبح طلوع کریں گے، جو ہماری نسلوں کو علم، عمل اور کردار کا پیکر بنائے گی۔