*کچہری میں گولیاں اور ریاست کی خاموشی*
*کچہری میں گولیاں اور ریاست کی خاموشی*
پسرور کی مٹی آج پھر لہو سے تر ہو گئی۔ گزشتہ روز تحصیل پسرور کی کچہری میں وہ منظر دیکھنے کو ملا جو ایک جنگ زدہ ملک کا ہو سکتا ہے، ایک دہشت گردی کی زد میں آئے شہر کا ہو سکتا ہے — لیکن یہ پاکستان کا ایک پرامن ضلع سیالکوٹ تھا، جہاں وکیل کے دفتر میں اندھا دھند گولیاں چلیں، اور تین افراد زمین پر تڑپتے رہے۔
*محمد امین ، شاہد محمود اور حمزہ۔*
یہ تین نام اب صرف زخمیوں کی فہرست کا حصہ نہیں بلکہ ریاست کے چہرے پر طمانچہ ہیں۔ محمد امین، جو بسراء شامے والا کا رہائشی ہے، انصاف کی امید لیے عدالت آیا، مگر انصاف کی دیوی کے دروازے پر گولی کھا کر گر پڑا۔ شاہد محمود جو دیہہ کا رہنے والا تھا، خون میں لت پت ہو کر زندگی اور موت کے بیچ جھولتا رہا۔ اور حمزہ، جو ایک کمپیوٹر آپریٹر ہے، صرف اپنی نوکری کر رہا تھا، اسے بھی گولیاں چھید گئیں۔
*کس کا قصور تھا؟*
یہ سوال صرف زخمیوں کے خاندانوں کا نہیں ، ہر ذی شعور شہری کا ہے۔
*ستم ظریفی دیکھیں*
ایسے میں ستم ظریفی دیکھیں کہ اسی دن، اسی تحصیل پسرور میں وزیر اعظم، آرمی چیف اور ایئر چیف کا دورہ جاری تھا۔ پروٹوکول کی چمک دمک، وردیوں کی بہار، ہوائی جائزے، ترقیاتی منصوبے — اور دوسری طرف، عوام کے جسم چھلنی، کچہری کی دیواریں خون آلود، اور فضا میں گولیوں کی گونج۔
کیا کسی نے پوچھا کہ کچہری میں سیکیورٹی کہاں تھی؟ کیا سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ صرف وزیر اعظم کی سلامی کے لیے متحرک تھی؟ کیا سیکیورٹی برانچ انچارج صرف وی آئی پی روٹس کا نگران ہے؟
اگر ریاست کے انصاف کے ایوان ہی محفوظ نہیں تو ہم عام شہری کس در پر جائیں؟ اگر عدالت کے سائے میں بھی گولی چل سکتی ہے تو سکول، کالج، مسجد، بازار کس قدر غیر محفوظ ہوں گے؟ یہ واقعہ ہمیں چیخ چیخ کر بتاتا ہے کہ اس ملک میں عوام کی جان کی قیمت چند گولیوں سے بھی کم ہو چکی ہے۔
*یہ معمولی واقعہ نہیں۔*
یہ ریاستی نااہلی کی داستان ہے۔ یہ قانون کے محافظوں کی غفلت کا نوحہ ہے۔ یہ اس حقیقت کا اعلان ہے کہ “تحفظ” کا وعدہ اب صرف اشرافیہ کے لیے ہے، عوام کے لیے نہیں۔
حکومت وقت سے، ضلعی انتظامیہ سے، سیکیورٹی اداروں سے صرف ایک مطالبہ ہے: ہمارے لہو کو اتنا سستا نہ کرو۔ ہمارے جسموں کو نشانہ بنانے والوں سے پہلے اُن اداروں کا محاسبہ کرو جن کی غفلت سے یہ خون بہا۔ اور اگر نہیں کر سکتے، تو کم از کم ہمیں یہ جھوٹ نہ سناؤ کہ ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔
*ہم جانتے ہیں،*
سیکیورٹی صرف وہیں ہوتی ہے جہاں کیمرے ہوں، میڈیا ہو، اور وزیر اعظم کا قافلہ ہو۔ عدالتوں میں آنے والا عام شہری صرف “شہری” ہے — کوئی پروٹوکول نہیں، کوئی تحفظ نہیں۔
*مگر یاد رکھو،*
یہ عام شہری ہی ہے جو اس ملک کی بنیاد ہے۔ اگر اس کی چیخیں سنائی دینا بند ہو گئیں، تو ایک دن یہ ریاست بھی سننا بند کر دے گی۔