ستھرا پنجاب پروجیکٹ کے تحت ہارون آباد میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ، کمشنر بہاولپور کا تفصیلی دورہ
ستھرا پنجاب پروجیکٹ کے تحت ہارون آباد میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ، کمشنر بہاولپور کا تفصیلی دورہ
ہارون آباد (نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر) کمشنر بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر مسرت جبیں نے “ستھرا پنجاب پروجیکٹ” کے تحت تحصیل ہارون آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہر میں صفائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب احمد، اور اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران کمشنر نے مختلف علاقوں میں صفائی کے نظام، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، نالوں کی صفائی، اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات دیں کہ ستھرا پنجاب پروجیکٹ کے تحت شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ ہارون آباد میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا گیا ہے۔کمشنر بہاولپور نے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور عوامی اطمینان کی سطح کو اولین ترجیح دی جائے۔
شہریوں نے صفائی کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ہارون آباد ایک مثالی شہر کے طور پر ابھرے گا۔