November 16, 2026

کمشنر بہاولپور ڈاکٹر مسرت جبیں کا ہارون آباد کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ اور کھلی کچہری کا انعقاد

20250514_135021

کمشنر بہاولپور ڈاکٹر مسرت جبیں کا ہارون آباد کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ اور کھلی کچہری کا انعقاد

ہارون آباد ( نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر) کمشنر بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر مسرت جبیں نے آج تحصیل ہارون آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنجاب حکومت کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں، سکولوں، سڑکوں، اور صحت کے مراکز کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ عوام ان کے ثمرات جلد از جلد حاصل کر سکیں۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈاکٹر مسرت جبیں نے ایک کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا جس میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب احمد، اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد، اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں شہریوں نے پانی کی فراہمی، نکاسی آب، صحت، تعلیم، صفائی، مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں۔ کمشنر نے موقع پر ہی متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کیے اور کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوامی مسائل کو براہِ راست سن کر فوری ریلیف فراہم کرنا ہے، اور اس سلسلے کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر مسرت جبیں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال ہارون آباد کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب احمد، اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی وٹو اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، مریضوں سے بات چیت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ صحت کو مریضوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے کمشنر کی جانب سے کیے گئے دورے اور کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے عوام کو فوری ریلیف اور بہتری ملے گی۔