November 16, 2026

عنوان: فلسطینی بچوں کے آنسو… اور تحفے میں دیا گیا 40 کروڑ ڈالر کا جہاز تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

20250514_135021

عنوان: فلسطینی بچوں کے آنسو… اور تحفے میں دیا گیا 40 کروڑ ڈالر کا جہاز

تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

مسلمان دنیا اس وقت تاریخ کے ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں غیرت، حمیت اور احساسِ ذمہ داری کی مثالیں صرف پرانی کتابوں میں ہی ملتی ہیں۔ امت مسلمہ کے 57 ممالک کا مجموعی عسکری، مالی اور افرادی وسائل دنیا کے کسی بھی بڑے اتحاد سے کم نہیں، مگر جب مظلوم فلسطینی بچوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بات آئے تو سب کی زبانیں گُنگ، آنکھیں بند اور دل سخت معلوم ہوتے ہیں۔

ستم بالائے ستم یہ کہ ایک طرف غزہ میں معصوم بچے دوا، پانی اور خوراک کو ترس رہے ہیں، اسپتالوں میں سیرپ اور ڈرپس ختم ہو چکی ہیں، اور دوسری طرف ایک “اسلامی ملک” کے حکمران نے امریکی صدر کو 40 کروڑ ڈالر کا جدید ترین جہاز تحفے میں دے دیا۔ اس خبر نے صرف سیاسی بصیرت رکھنے والوں کو نہیں، بلکہ عام مسلمان کو بھی تڑپا دیا ہے۔

سوال یہ نہیں کہ تحفہ کیوں دیا گیا، سوال یہ ہے کہ کس وقت دیا گیا؟ جب مسجد اقصیٰ کے مینار چیخ رہے ہیں، جب اسرائیلی بمباری کے نیچے آ کر مائیں اپنے بچوں کو دفنا رہی ہیں، جب انسانی ہمدردی کے نعرے لگانے والے مغرب نے بھی آنکھیں موند لی ہیں… تب مسلم قیادت نے مظلوموں کی داد رسی کے بجائے ظالموں سے دوستی نبھانا زیادہ ضروری سمجھا۔

یہ وہی مسلم دنیا ہے جو کبھی ایک بازو پر سلطان صلاح الدین ایوبی کی تلوار رکھتی تھی اور دوسرے بازو پر خدیجہ الکبریٰ کی سخاوت۔ مگر آج کے حکمران نہ صلاح الدین کی جرأت رکھتے ہیں، نہ خدیجہ کی فراخدلی… ہاں! دنیاوی طاقت کے سامنے جھکنے کی پوری مہارت ضرور رکھتے ہیں۔

امت کے اصل دشمن وہ نہیں جو باہر سے حملہ کرتے ہیں، بلکہ وہ ہیں جو اندر سے ضمیر بیچ کر، مفاد کے سودے کر کے، غیرتِ مسلم کا جنازہ نکالتے ہیں۔ آج اگر ہم فلسطین کے بچوں کو ایک سادہ سیرپ بھی مہیا نہیں کر سکتے، تو ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہماری عظیم الشان کانفرنسیں، لمبے چوڑے اعلامیے اور اسلامی اتحاد کے نعرے کس کھاتے میں جائیں گے؟

قوم کو ان حکمرانوں سے سوال کرنا ہوگا:
کیا امریکی صدر کی خوشنودی فلسطینی بچوں کی جان سے زیادہ قیمتی ہے؟
کیا تحفے میں دیا گیا جہاز ان بچوں کے آنسو خرید سکتا ہے؟
کیا آپ کی دوستی کے انعامات ان ماں باپ کی بے بسی کا نعم البدل بن سکتے ہیں جو ہر روز اپنی اولاد کی لاشیں اٹھاتے ہیں؟

تاریخ خاموش نہیں رہتی، اور نہ ہی شہداء کا لہو بے اثر ہوتا ہے۔ ایک دن آئے گا جب ان مظلوم بچوں کے آنسو طوفان بنیں گے اور ان تختوں کو بہا لے جائیں گے جو ضمیر بیچ کر قائم رکھے گئے۔

ختم شد
“جہاز کا تحفہ نہیں، انصاف چاہیے
فلسطینی بچوں کے لیے دوائی چاہیے
یہ صدا ہے، حنیف شاہد کی قلم سے”