November 16, 2026

عنوان: بھوک کا محاصرہ — غزہ کی چیختی سڑکیں تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

20250512_113840

عنوان: بھوک کا محاصرہ — غزہ کی چیختی سڑکیں
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
بورو چیف، دعا آن لائن نیوز
یوٹیوب چینل: سچ کی آواز حق کے ساتھ

دنیا کی خاموشی انسانیت کے جنازے پر مہر تصدیق ثبت کر رہی ہے۔ الجزیرہ کے صحافی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کی سڑکوں پر بھوک سے نڈھال انسان دم توڑ رہے ہیں۔ اب تک 54 فلسطینی شہری بھوک کی شدت سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ یہ محض اعداد نہیں، یہ انسان تھے۔ ماں کے لخت جگر، کسی کے سہارے، کسی کا خواب!

اقوامِ متحدہ کی قراردادیں، عالمی ضمیر کے بیانات، اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ٹوئٹس اس وقت بے معنی لگتے ہیں جب ایک ماں اپنے بچوں کو روٹی کے بجائے ریت کھلانے پر مجبور ہو جائے۔ یہ صرف غزہ کا زخم نہیں، یہ پوری انسانیت کے چہرے پر جلتا ہوا طمانچہ ہے۔

کیا دنیا واقعی اندھی ہو چکی ہے؟
کیا حقوقِ انسانی صرف طاقتور قوموں کے لیے مخصوص ہو گئے ہیں؟
کیا فلسطینیوں کا خون ارزاں ہے؟
کیا ان کی بھوک کم اہم ہے کیونکہ وہ طاقتور لابیوں سے تعلق نہیں رکھتے؟

کالم لکھتے ہوئے دل تھر تھر کانپ رہا ہے۔ قلم بے جان ہو جاتا ہے جب کسی بچے کی لاش کو اٹھائے باپ کی تصویر سامنے آتی ہے، جو فاقے سے مر گیا۔ دنیا کے ایوانوں میں شور نہیں، افسوس نہیں، نہ ہی شرمندگی۔

غزہ میں بھوک اب ہتھیار بن چکی ہے۔ جنگ صرف بموں سے نہیں لڑی جا رہی، روٹی کو ترسا کر انسانوں کو مارنا بھی جدید بربریت کی ایک شکل ہے۔ اور افسوس، اس جنگ کا تماشہ دنیا براہِ راست دیکھ رہی ہے — لیکن صرف دیکھ رہی ہے!

ہم بطور صحافی، بطور انسان، اور بطور مسلمان، کب تک خاموش رہیں گے؟ کیا اب بھی وقت نہیں آیا کہ ہم قلم کو نیام سے نکال کر سچ کی جنگ لڑیں؟ کیا اب بھی یہ سوال نہ اٹھایا جائے کہ فلسطینیوں کی زندگیاں اتنی بے وقعت کیوں ہیں؟

تاریخ گواہ ہے کہ ظالم کے ساتھ خاموش کھڑے ہونے والا بھی ظالم ہی شمار ہوتا ہے۔ آج اگر ہم نے آواز نہ اٹھائی تو کل ہم بھی اسی فہرست میں ہوں گے، جس میں انسانیت کی موت کے مجرم درج ہوں گے۔

غزہ کے بچوں کی بھوک، انسانیت کی موت کا اعلان ہے۔
کیا کوئی سن رہا ہے؟