راجہ حاجی محمد جمیل بطور ہمہ جہت شخصیت خصوصی تحریر :راجہ نور الہی عاطف
راجہ حاجی محمد جمیل بطور ہمہ جہت شخصیت
خصوصی تحریر :راجہ نور الہی عاطف
راجہ حاجی محمد جمیل 10 اپریل 1932 میں بمقام بمبول تھل پیدا ہوئے ۔ جب انہوں نے ہوش سنبھالا تو ان کے والد بزرگوار مولانا دوست علی نے انہیں قرآن و سنت کی تعلیم دینا شروع کی ۔ ان کی والدہ ماجدہ بھی نہایت نیک سیرت تھیں اور دین سے گہرا تعلق رکھتی تھیں۔ اسی تعلیم و تربیت کا اثر تھا کہ وہ ساری زندگی صوم و صلاۃ کے پابند رہے ۔ ابتدائی تعلیم بمبول کے پرائمری سکول سے حاصل کی ۔ ان کے والد محترم ٹیچر تھے ۔ 1942 ء میں ان کے والد کا تبادلہ گورنمنٹ ہائی سکول بھاگٹانوالہ میں ہوا ۔ راجہ حاجی محمد جمیل مسلم ہائی سکول طارق آباد لائل پور میں بھی زیر تعلیم رہے ۔ انہوں نے 1950 میں گورنمنٹ ہائی سکول مٹھہ ٹوانہ میں جماعت نویں میں داخلہ لیا جبکہ 1950 میں گورنمنٹ ہائ سکول خوشاب میں دسویں جماعت میں داخل ہوئے اور اپریل 1951 میں میٹرک کا امتحان اسی سکول سے پاس کیا ۔ میٹرک کے بعد انہیں پہلی ملازمت ویٹرنری ہسپتال خوشاب میں بطور اسسٹنٹ ملی ۔ 1951 کے اخر میں انہوں نے نیشنل کالج سرکلر روڈ لائل پور میں ٹیچر کی ملازمت اختیار کی ۔ 30 اپریل 1952 میں ایئر فورس میں بھرتی ہوئے ہیں ۔ 1962 میں ان کا تبادلہ پی اے ایف سرگودھاہوا ۔1965 کی جنگ میں راجہ حاجی محمد جمیل کو تمغہ ستارہ حرب ملا جبکہ 1971 کی جنگ میں تمغہ جنگ ملا ۔ انہوں نے وطن عزیز کے لیے دونوں بڑی جنگیں 1965 اور 1971 سرگودھا ایئر بیس سے لڑیں۔ 1967 میں پی ایف میانوالی میں بھی ڈیوٹی سر انجام دی ۔ جنوری 1972 میں کورس کے لیے ایران گئے ۔ تین سال کے لیے سعودی عرب خمیس مشیط میں ڈیپوٹیشن پر گزارے۔ 1974 میں راجہ حاجی محمد جمیل کو سرجنٹ کے عہدہ پر ترقی دی گئی جبکہ 1981 کے شروع میں انہیں ماسٹر وارنٹ آفیسر کے عہدے پر پروموٹ کیا گیا ۔ 1982 میں انہوں نے اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ سعودی عرب حکومت کے اخراجات پر حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کی ۔ نومبر 1984 میں سعودی عرب سے واپس وطن عزیز پاکستان آ کر رچنا ٹاؤن فیصل آباد میں رہائش پذیر ہوئے۔ بعد ازاں ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے کے بعد وہ امریکہ میں قیام پذیر ہوئے ۔ جہاں میاں محمد نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کا نیویارک میں چیف آرگنائزر مقرر کیا ۔ راجہ حاجی جیمیل نے امریکہ میں پی ایم ایل این کی فعالیت کے لیے کئی سالوں تک بھرپور کردار ادا کیا ۔ پانچ فروری 1996 کو واشنگٹن ڈی سی کے میرٹ ہوٹل میں پاکستان مسلم لیگ یو ایس اے کنونشن منعقد ہوا جس کے لیے راجہ حاجی محمد جمیل نے اہم کردار ادا کیا ۔ راجہ جی محمد جمیل ہردلعزیز شخصیت کے مالک تھے آپ کی پروقار شخصیت کا عوامی، سماجی اور سیاسی حلقوں میں بہت زیادہ احترام کیا جاتا تھا ۔ آپ اپنی راجپوت برادری کے لیے بہت مخلص تھے۔ جب کبھی بھی پاکستان تشریف لے آتے تو نور پور تھل میں راجہ حاجی نائب محمد کے مکان پر پوری برادری کے اجتماع خصوصی خطاب کرتے اور انہیں آپس میں متحد اور مخلص رہنے کی تاکید کرتے ۔ محترم المقام راجہ حاجی محمد جمیل کے ساتھ راقم الحروف کا بذریعہ خط و کتابت امریکہ میں بھرپور رابطہ رہتا تھا ۔ وہ ہمیشہ میری قلمک کاوشوں کو پذیرائی عطا کرتے اور میری بھرپور حوصلہ افزائی کیاکرتے تھے ۔ قارئین محترم! راجہ حاجی محمد جمیل کی عظیم المرتبت شخصیت کے متعدد اوصاف حمیدہ ہیں جن کو رقطرازکرنے کے لیے یہ ایک کالم ناکافی ہے بہر صورت نہایت اختصار سے کام لیتے ہوئے دعا ہے کہ اللہ تعالی اانہیں جنت الفردوس میں اعلی ا مقام عطا کریں اور ان کے پسماندگان اور پوری فیملی کو ہمیشہ اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ آمین