November 16, 2026

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دل دہلا دینے والا منظر — لاپتہ بیٹوں کی ماں کمرہ عدالت میں غم سے نڈھال ہو گئیں

20250504_143404

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دل دہلا دینے والا منظر — لاپتہ بیٹوں کی ماں کمرہ عدالت میں غم سے نڈھال ہو گئیں

اسلام آباد (رپورٹ: محمد حنیف شاہد ارائیں، بیورو چیف، دعا آن لائن نیوز)

اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کے مقدمے کی سماعت کے دوران ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جب چار لاپتہ بیٹوں کی ماں اپنے دکھ و غم کی شدت سے کمرہ عدالت میں نڈھال ہو کر زمین پر گر گئیں۔ عدالت میں موجود افراد اس المناک منظر پر اشکبار ہو گئے جبکہ کمرہ عدالت میں سناٹا چھا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چار لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں جاری تھی۔ اس دوران درخواست گزار خاتون نے عدالت سے فریاد کی کہ اسے کئی برسوں سے اپنے بیٹوں کی کوئی خبر نہیں ملی، اور انصاف کے تمام دروازے کھٹکھٹانے کے باوجود اسے صرف انتظار اور اذیت ہی ملی ہے۔

ماں کی زبان سے نکلتے الفاظ اور آنکھوں سے بہتے آنسوؤں نے کمرہ عدالت میں موجود ہر فرد کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ کچھ لمحوں بعد وہ غم کی شدت برداشت نہ کر سکیں اور روتے روتے زمین پر گر گئیں۔ اس افسوسناک صورتحال میں عدالت کے عملے نے فوری طور پر خواتین پولیس اہلکاروں اور ڈسپنسری کے عملے کو طلب کیا جنہوں نے انہیں طبی امداد فراہم کی۔

جج صاحب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکام سے رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت دی کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔

یہ واقعہ نہ صرف عدالتی نظام بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔ جب ایک ماں اپنے بیٹوں کی جدائی میں عدالت کے سامنے یوں بے ہوش ہو جائے، تو یہ ایک سوالیہ نشان ہے کہ ہم بطور ریاست اور معاشرہ کہاں کھڑے ہیں۔