آئینہ وقت تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں جب فلسطین پیاسا تھا… اور عرب عیاشی میں گم تھے
آئینہ وقت
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں
جب فلسطین پیاسا تھا… اور عرب عیاشی میں گم تھے
تاریخ جب قلم اٹھاتی ہے تو صرف فتوحات نہیں لکھتی، کوتاہیاں بھی نوٹ کرتی ہے۔
اور کل جب یہ وقت لکھا جائے گا، تو شاید صرف یہی لکھا جائے گا:
“جب فلسطین میں پانی کی قلت تھی، بچے پیاس سے بلک رہے تھے، اسپتالوں میں پانی نایاب ہو چکا تھا، اور عرب دنیا کے شہزادے دبئی، ریاض، جدہ، دوحہ اور دیگر شہروں میں عالیشان تقریبات، میوزک فیسٹیولز، کار ریسز اور شاہانہ عیش و عشرت میں مصروف تھے۔”
کیا صرف اسرائیل قصوروار ہے؟
کیا صرف مغرب خاموش ہے؟
نہیں… اس خاموشی کا سب سے بھاری بوجھ ان مسلم ممالک پر ہے جن کے خزانے تیل سے بھرے ہوئے ہیں مگر دل رحم سے خالی۔
فلسطین کے معصوم چہروں پر جو خاک ہے، اس میں ہم سب کے ضمیر کی راکھ بھی شامل ہے۔
جن کے محلوں میں سونے کی نلکیاں بہتی ہیں، انہوں نے غزہ کے نالوں میں بہتا خون نہ دیکھا، نہ محسوس کیا۔
جب ایک فلسطینی ماں اپنے بچے کو خشک ہونٹوں پر چمچ سے پانی کا ایک قطرہ دینے کے لیے تڑپتی تھی، تب عرب دنیا کے ایوانوں میں موسیقی گونج رہی تھی، اور روشنیوں میں شراب کے جام چمک رہے تھے۔
اگر امتِ مسلمہ نے آج بھی آنکھیں بند رکھیں، تو کل تاریخ کے کتبے پر صرف ایک جملہ لکھا جائے گا:
“جب فلسطین پیاسا تھا، مسلمان بےحس تھے۔”