خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ستارہ امتیاز ڈاکٹر
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ستارہ امتیاز ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر پنجاب ایمرجنسی سروس خوشاب نے انٹرنیشنل فائر فائٹر ڈے منایا۔ اس موقع پر ریسکیو آفس میں آگاہی تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی ریسکیو آفس سے شروع ہوئی اور لاری اڈہ سے ہوتے ہوئے ریسکیو آفس پر اختتام پذیر ہوئی ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو انجینئر حافظ عبدالرشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل فائر فائٹر ڈے اُن فائر فائٹرز کی یاد میں منایا جاتا ہے جو لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے آگ سے لڑتے ہیں اور اپنی جان تک کو قربان کر دیتے ہیں ۔انہوں نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لوگ ہر عمارت میں ہنگامی انخلاء اور فائر سیفٹی آلات نصب کریں اور ساتھ تربیتی کورسزوموک ایکسر سائزز میں حصہ لیں تاکہ آگ کے حادثات میں کمی لائی جا سکے ۔انہوں نے ریسکیو عملہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ خود کو جسمانی اور ذہنی لحاظ سے چست و توانا رکھیں اور روز مرہ ورزش کو اپنا معمول بنا رکھیں ۔ انجینئر حافظ عبدالرشید نے مزید کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس نے گزشتہ سال آتشزدگی کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ہمراہ کئی ملین سے زائد کا مالی نقصان ہونے سے بھی بچایا۔ تقریب کے اختتام پر دوران فائر فائٹنگ شہید ہونے والے فائر فائٹرز کے لیے دعا بھی کی گئی۔