نقاب اُتر چکے ہیں تحریر: [محمّد حنیف شاہد ارائیں ]
نقاب اُتر چکے ہیں
تحریر: [محمّد حنیف شاہد ارائیں ]
فلسطین کی زمین لہو لہو ہے۔
ماں کی گود میں بچہ شہید ہو رہا ہے، باپ کے ہاتھ میں دفنانے کے لیے کفن بھی نہیں، اسپتال ملبے کے ڈھیر میں بدل چکے، مساجد میں سجدہ کرتے نمازیوں پر بم برس رہے ہیں — اور دنیا کی بے حسی کے ساتھ ساتھ کچھ “مذہبی سیاسی گروہوں” کی خاموشی بھی نوحہ کہہ رہی ہے۔
یہ وہی گروہ ہیں جنہوں نے آسیہ بی بی کے معاملے پر پورے ملک کو بند کر دیا تھا۔ وہی گروہ جنہوں نے فرانس کے سفیر کے خلاف ایسا شور مچایا کہ ریاست کو بار بار “معاہدے” کرنے پڑے۔ سڑکیں بند، املاک تباہ، پولیس اہلکار شہید — سب کچھ اس دعوے کے ساتھ کہ ہم “عاشقانِ رسول” ہیں، دین کی حرمت کے محافظ ہیں، غیرتِ ایمانی کی علامت ہیں۔
مگر جب بات فلسطین کی آئی — جہاں صرف ایک نہیں، ہزاروں معصوم مسلمان شہید ہو رہے ہیں، جہاں اسلامی اقدار روندی جا رہی ہیں، جہاں امت چیخ رہی ہے — تو انہی “غیورانِ ملت” نے پہلے خاموشی اختیار کی، پھر جیسے ہی نکلنے کی بات ہوئی، اچانک “حکومت سے معاہدہ” کر لیا۔
یہ کیسے عاشق ہیں جن کی غیرت صرف مخصوص مواقع پر جاگتی ہے؟
یہ کیسا جذبہ ہے جو ہمیشہ “معاہدوں” کی میز پر دم توڑ دیتا ہے؟
کیا واقعی ان کے فیصلے آزاد ہوتے ہیں، یا یہ کسی اور کے اشاروں پر نکلتے اور پیچھے ہٹتے ہیں؟
حقیقت یہ ہے کہ ان کا دین سے تعلق محض ایک سیاسی لبادہ ہے۔ یہ عوامی جذبات کو استعمال کرتے ہیں، مذہب کے مقدس نام پر اپنے سیاسی و خفیہ مقاصد حاصل کرتے ہیں، اور جب اصل امتحان آتا ہے — جیسے فلسطین — تو یا تو خاموش رہتے ہیں یا پردے کے پیچھے “ہدایت” ملنے تک انتظار کرتے ہیں۔
آج عوام کو جان لینا چاہیے کہ دین کا سودا وہی کرتے ہیں جو دین کی حرمت کے سب سے بڑے دعویدار بنے پھرتے ہیں۔
یہ نہ علماء ہیں، نہ رہنما — یہ جذبات کے سوداگر ہیں۔
اور اب… ان کے نقاب اتر چکے ہیں۔