میلسی:(بیو رو چیف ) غیرقانونی تعمیرات پر پنجاب کالج کی نئی عمارت سیل، بلڈنگ انسپکٹر
میلسی:(بیو رو چیف ) غیرقانونی تعمیرات پر پنجاب کالج کی نئی عمارت سیل، بلڈنگ انسپکٹر سے مزاحمت؛ عوامی و سیاسی ردعمل میں شدت۔ ملتان روڈ میلسی پر واقع پنجاب کالج کی نئی عمارت کو غیر قانونی تعمیرات اور ضابطہ جاتی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر سیل کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کالج کے مالک محمد امجد اختر قوم سیال نے دفتر ہذا کی منظوری کے بغیر، پنجاب لینڈ یوز رولز 2020 اور میونسپل بائی لاز کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈھمکی کے نزدیک کالج کی نئی عمارت تعمیر کی تھی۔بلڈنگ انسپکٹر کی جانب سے مالکان کو نوٹس نمبر 92 مورخہ 12-04-2025 جاری کیا گیا تھا، تاہم مالک نے نہ تو نوٹس کا جواب جمع کرایا اور نہ ہی تعمیراتی فائل متعلقہ دفتر میں جمع کروائی۔ متعدد یاددہانیوں اور مہلت کے باوجود کوئی تعاون نہ ملنے پر بلڈنگ انسپکٹر سلیم رضوان بمعہ عملہ 29-04-2025 کو موقع پر کالج سیل کرنے پہنچا، جہاں محمد امجد اختر قوم سیال اور چار نامعلوم افراد نے مزاحمت کرتے ہوئے سرکاری امور میں مداخلت کی، گیٹ پر لگی سرکاری سیل کو پھاڑ دیا، اور انسپکٹر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔یہ فعل تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 186 اور 188 کے ساتھ ساتھ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے شیڈول II کے سیریل نمبر 7، 8، 13، 14، اور 18 کے تحت جرم قرار دیا گیا ہے۔ مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔ گواہوں میں محمد انور، کور حسنین اور مصطفی شامل ہیں۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے محمد امجد اختر قوم سیال کے رویے اور سرکاری اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف قانون کی مکمل عملداری کو یقینی بنایا جائے، بلکہ سیاسی پشت پناہی کے ذریعے قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف مثال قائم کی جائے۔