آئی جی پی خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمیدکا سرحد چیمبر آف کامرس پشاور کا دورہ، تاجرز، درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی پشاور(سید گوہر شاہ )
آئی جی پی خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمیدکا سرحد چیمبر آف کامرس پشاور کا دورہ، تاجرز، درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی
پشاور(سید گوہر شاہ )
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے آج سرحدچیمبر آف کامرس پشاورکا دورہ کیا۔سی سی پی او پشاور قاسم علی خان بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔سرحد چیمبر آف کامرس پہنچنے پر صدر سرحد چیمبر آف کامرس فضل مقیم خان ، سینئر وائس صدر عبدالجلیل جان اور دیگر معزز ارکان نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ سرحد چیمبر آف کامرس کے ارکان نے انہیں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انکی آمد کو نیک شگون قرار دیا۔ ارکان نے آئی جی پی کو تاجروں کو درپیش مشکلات اور مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ آئی جی خیبر پختونخواہ نے موقع پر ہی سی سی پی او پشاور قاسم علی خان اور ایس ایس پی آپریشن پشاور مسعود بنگش کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں تاجر برادری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہر ایک کو اپنی تجارت اور روزمرہ کی سرگرمیاں بلا خوف و خطر بطریق احسن جاری رکھنے کیلئے پرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائیگا۔ آئی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ تاجر برادری کا شمار قانون پر سختی سے عمل درآمد کرنے والے طبقوں میں سے ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ خیبر پختونخواہ پولیس انہیں اپنی کاروباری سرگرمیاں خوشگوار فضاءمیں جاری رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش اور تعاون فراہم کرتی رہے گی۔آئی جی پی نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے خیبر پختونخواہ پولیس اور تاجر برادری ایک پیج پر ہیں اور دونوں ایک دوسرے کا دست و بازو بن کر امن کیلئے کوشاں ہیں۔
سرحد چیمبر آف کامرس کے ارکان نے آئی جی خیبر پختونخوا کی آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے خیبر پختونخواہ پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ تاجر برادری ہر قدم ہر موقع پر اپنی پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔ تقریب کے اختتام پر صدر سرحد چیمبر آف کامرس فضل مقیم خان نے تمام ارکان کی جانب سے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید کو روایتی پگڑی پہنائی اور اعزازی شیلڈبھی پیش کی۔