عمرکوٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیورو چیف عمرکوٹ سندھی ادبی سنگت عمرکوٹ کے سیکریٹری ایڈووکیٹ گل منیر ولہاری، مزاحمتی
عمرکوٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیورو چیف
عمرکوٹ سندھی ادبی سنگت عمرکوٹ کے سیکریٹری ایڈووکیٹ گل منیر ولہاری، مزاحمتی شاعر و سندھی ادبی سنگت کے خزانچی ہرچند ساگر، ادیب و سماجی رہنما کامریڈ رسول بخش رحیمدانی اور دیگر کی جانب سے پریس کلب عمرکوٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سندھی ادبی سنگت شاخ عمرکوٹ کے سیکریٹری ایڈووکیٹ گل منیر ولہاری، خزانچی و شاعر ہرچند ساگر، سماجی شخصیت رسول بخش رحیمدانی اور دیگر مقررین نے کہا کہ سندھ کے حقوق آج سے نہیں بلکہ پاکستان کے قیام سے ہی غصب کیے جا رہے ہیں۔ گیس، کوئلہ، پیٹرول اور قیمتی معدنیات سمیت اب سندھ کی عظیم سرزمین کی خوبصورتی یعنی دریائے سندھ سے چھ کینال نکالے جا رہے ہیں، جس پر ہم دھرتی کے بیٹے اور وطن سے محبت کرنے والے سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پچھتر برسوں سے سندھ کے ساتھ ظلم، جبر اور ناانصافی ہو رہی ہے اور وسائل پر پنجاب قابض ہو کر سندھیوں کا روزگار چھین رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ببرلو کے دھرنے کی پوری سندھی قوم حمایت کرتی ہے۔ سندھ کے نوجوان، ہاری، مزدور، طلبہ، سول سوسائٹی، سیاسی کارکن اور رہنما میدان میں نکل چکے ہیں جن میں وکلا برادری نے قیادت کر کے سوتی قوم کو جگانے کا کردار ادا کیا ہے، وہ لائق تحسین ہیں۔ اب سندھی قوم جو بھی اجتماعی فیصلہ کرے گی، اسے لبیک کہا جائے گا۔ ہم تین کروڑ سے زائد سندھیوں، خاص طور پر ڈیڑھ کروڑ نوجوان سندھیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سندھ کے حقوق کے لیے دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، متحد ہو جائیں، آواز بلند کریں اور دھرنے میں بیٹھے لاکھوں سندھیوں کے لیے فنڈ بھیجیں تاکہ جدوجہد کو مزید آگے بڑھایا جا سکے اور پنجاب سامراج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جا سکے۔ چھ نہروں سمیت سندھ کے تمام وسائل پر سے قبضے ختم کیے جائیں اور اٹھارہویں ترمیم کے تحت ملکیت کے حقوق سندھیوں کو دیے جائیں۔ احتجاجی مظاہرے میں ’’دریا پر دھاوا نامنظور‘‘، ’’کوئلے پر دھاوا نامنظور‘‘، ’’زمینوں پر دھاوا نامنظور‘‘، ’’سندھی قوم کے وسائل اور حقوق پر دھاوا نامنظور‘‘ اور ’’پنجاب سامراج کی چالیں نامنظور‘‘ جیسے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔