پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی کیمپس بہاول نگر میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد
پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی کیمپس بہاول نگر میں عظیم الشان تقریب کا انعقاد
بہاول نگر ( ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر اور وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری کی زیر نگرانی 14 اپریل کو پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی کیمپس بہاول نگر میں ایک شاندار ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس رنگا رنگ تقریب میں تمام سرکاری و نجی اداروں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ اسلامیہ یونیورسٹی کے تمام ڈیپارٹمنٹس، نجی و سرکاری سکولز، کالجز، سوشل ویلفیئر، محکمہ پولیس، سیول ڈیفنس، ریسکیو 1122، ڈی پی ایس پبلک سکول، محکمہ زراعت، ایریگیشن، لائیوسٹاک، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی، ستھرا پنجاب، محکمہ سپورٹس، محکمہ صحت (ہیلتھ)، صنعتکاروں اور دیگر متعلقہ محکموں نے اپنے ثقافتی سٹالز لگائے جن میں پنجاب کی روایات، دستکاری، خوراک اور طرزِ زندگی کی جھلک دیکھنے کو ملی۔
پروگرام کی مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران اصغر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب احمد اسسٹنٹ کمشنر نعمان احمد سمیت تمام اعلیٰ افسران نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں پنجابی ٹیبلو، گھوڑا رقص، علاقائی موسیقی، اور روایتی لباسوں میں ملبوس بچوں کی پرفارمنسز نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور پنجابی ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر پھولوں کی بہترین نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
شرکاء نے کلچرل ڈے کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے پنجاب کی تہذیب، ثقافت اور ورثے کو اجاگر کرنے کی بہترین کوشش قرار دیا۔