محکمہ جنگلات کی لکڑی چور مافیا کے خلاف
محکمہ جنگلات کی لکڑی چور مافیا کے خلاف کارروائیاں، ملزمان گرفتار، جرمانے اور انکوائریاں شروع
بہاولنگر ( ) محکمہ جنگلات نے لکڑی چور مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ ڈویزنل فاریسٹ آفیسر طارق محمود کی سربراہی میں جاری کارروائیوں کے دوران ہاکڑہ نہر کے قریب درختوں کی چوری کی واردات کو ناکام بناتے ہوئے چوری شدہ لکڑی برآمد کر لی گئی۔ واقعے کی رپورٹ پر تھانہ ڈونگہ بونگہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ چوری شدہ لکڑی کی مالیت 3 لاکھ 37 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔کارروائی کے دوران سرکاری لکڑی سے بھرے رکشے کو تحویل میں لیا گیا اور چوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مجموعی طور پر 2 لاکھ 32 ہزار 190 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری دستاویزات و ریکارڈ کی غفلت یا مبینہ چوری کے باعث محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف باقاعدہ انکوائری کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ جنگلات نے منچن آباد روڑ سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق محکمہ ہائی وے نے روڑ توسیع کے لیے سال 2015-16 میں 14 لاکھ 53 ہزار 440 روپے محکمہ جنگلات کو ادا کیے تھے، اس کے بعد کسی قسم کی ادائیگی موصول نہیں ہوئی۔ موجودہ سڑک کی تعمیر سے پودا جات کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالے کے لیے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
محکمہ جنگلات کے مطابق ماحولیاتی تحفظ اور سرکاری جنگلات کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور درختوں کی کٹائی یا چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔