November 25, 2026

امریکی حکومت کی اسرائیل کو 20,000 رائفلوں کی فروخت کی منظوری: ذرائع

20250403_194524

امریکی حکومت کی اسرائیل کو 20,000 رائفلوں کی فروخت کی منظوری: ذرائع

Israeli soldiers walk near tanks waiting in position on the second day of the ceasefire between Israel and Hezbollah, near a road close to the Israel-Lebanon border on November 28, 2024. (Reuters)
امریکی حکومت کی اسرائیل کو 20,000 رائفلوں کی فروخت کی منظوری: ذرائع
امریکا
رائٹرز

رائٹرز اور اس معاملے سے واقف ایک ذریعہ کی ملاحظہ کردہ ایک دستاویز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے گذشتہ ماہ اسرائیل کو 20,000 سے زیادہ امریکی ساختہ رائفلوں کی فروخت کی تصدیق کر دی۔ ان رائفلوں کی ترسیل سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے ان خدشات کی بنا پر مؤخر کر دی تھی کہ انتہا پسند اسرائیلی آباد کار ان کا ممکنہ استعمال کر سکتے تھے۔

محکمہ خارجہ نے چھے مارچ کو کانگریس کو 24 ملین ڈالر کے سودے کے لیے ایک نوٹیفکیشن بھیجا جس میں کہا گیا کہ دستاویز کے مطابق اصل صارف اسرائیلی قومی پولیس ہو گی۔

واشنگٹن اسرائیل کو جو اربوں ڈالر مالیت کے ہتھیار فراہم کرتا ہے، ان کے آگے رائفل کی فروخت ایک چھوٹا سا سودا ہے۔ لیکن یہ اس وقت نظروں میں آ گیا جب بائیڈن انتظامیہ نے ان خدشات پر فروخت مؤخر کر دی کہ یہ ہتھیار اسرائیلی آباد کاروں کے ہاتھ لگ سکتے تھے جن میں سے بعض نے اسرائیل کے زیرِ قبضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملے کیے ہیں۔

بائیڈن انتظامیہ نے ایسے افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں جن پر اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد کا الزام ہے۔

20 جنوری کو دفتر میں اپنے پہلے ہی دن ٹرمپ نے امریکی پالیسی کے برعکس اسرائیلی آباد کاروں پر امریکی پابندیاں ختم کرنے کا ایک صدارتی حکم نامہ جاری کیا۔ اس کے بعد سے ان کی انتظامیہ نے اسرائیل کو اربوں ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دی ہے۔

چھے مارچ کو کانگریس کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ امریکی حکومت نے “سیاسی، فوجی، اقتصادی، انسانی حقوق اور ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق خدشات کو مدنظر رکھا ہے۔”

کیا انتظامیہ نے ہتھیاروں کے استعمال پر اسرائیل سے یقین دہانی کا مطالبہ کیا، اس سوال پر محکمۂ خارجہ نے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

قریبی تعلقات
شرقِ اوسط کی 1967 کی جنگ کے بعد سے اسرائیل نے مغربی کنارے پر قبضہ کر رکھا ہے۔

ٹرمپ نے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی حمایت کا وعدہ کرتے ہوئے نیتن یاہو سے قریبی تعلقات استوار کیے ہیں۔ ان کی انتظامیہ نے کچھ معاملات میں ڈیموکریٹک قانون سازوں کی درخواستوں کے باوجود اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت میں پیش رفت کی ہے۔ قانون سازوں نے درخواست کی تھی کہ جب تک انہیں مزید معلومات نہ ملیں، اس وقت تک فروخت روک دی جائے۔

امریکی سینیٹ نے جمعرات کو انسانی حقوق کے خدشات پر اسرائیل کو 8.8 بلین ڈالر کے ہتھیاروں کی فروخت روکنے کی قرارداد بھاری اکثریت سے مسترد کر دی۔ سینیٹ نے وسیع تباہی والے بموں اور دیگر جارحانہ فوجی سازوسامان کی فروخت روکنے والی دو قراردادیں 82-15 اور 83-15 ووٹوں سے مسترد کر دیں۔

یہ قراردادیں ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز نے پیش کیں جو ڈیموکریٹس کے ساتھ کاکس کرنے والے آزاد سینیٹر ہیں۔

ڈیموکریٹک قانون سازوں کے اعتراض کرنے اور اسرائیل میں ان کے استعمال کے بارے میں معلومات طلب کرنے کے بعد بائیڈن انتظامیہ نے رائفلوں کی فروخت روک دی تھی۔

وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت کے انتہائی دائیں بازو کے رکن اور اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بین گویر اسرائیلی پولیس فورس کی نگرانی کرتے ہیں۔ نومبر 2023 میں ٹائمز آف اسرائیل اخبار نے اطلاع دی کہ ان کی وزارت نے سات اکتوبر کے حملوں کے بعد “سویلین سکیورٹی سکواڈز کو مسلح کرنے پر بہت زیادہ زور دیا۔”