November 16, 2026

حوثی ملیشیا کا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز پر کروز میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کا دعویٰ

20250403_194524

حوثی ملیشیا کا امریکی طیارہ بردار بحری جہاز پر کروز میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کا دعویٰ

یمن کے حوثی گروپ نے جمعہ کو کہا ہے کہ اس نے بحیرہ احمر میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ’ہیری ایس ٹرومین‘ اور اس کے ساتھ آنے والے بحری جہازوں پر ایک نیا حملہ کیا ہے۔

حوثی میڈیا نے گروپ کے ترجمان یحییٰ سریع کے حوالے سے کہا کہ تنظیم نے بحیرہ احمر میں امریکی جنگی جہازوں کو کروز میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ نشانہ بنائےگئے امریکی جنگی ہتھیاروں میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ہیری ایس ٹرومین شامل ہیں”۔

سریع نے کہا کہ حوثیوں نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں دوسری بار امریکی طیارہ بردار گروپ پر حملہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جھڑپ “کئی گھنٹے” تک جاری رہی۔ انہوں نے یمن میں گروپ کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “جھڑپ کے دوران، دو فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا گیا”۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری کے وسط میں غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حوثیوں کے حملے بند ہو گئے تھے۔ تاہم مارچ کے اوائل میں غزہ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد حوثیوں نے اعلان کیا کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر اپنے حملے دوبارہ شروع کر دیے ہیں اور پھر دوبارہ میزائلوں سے اسرائیل کے اندر اہداف پر حملہ کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

پندرہ مارچ کو امریکہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر حملے شروع کر دیے تھے جو ابھی تک جاری ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ آپریشن کا مقصد امریکی مفادات کا تحفظ اور جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا تھا۔

یمنی ایران نواز گروپ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے شمالی بحیرہ احمر میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز “ہیری ایس ٹرومین” پر میزائل اور ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے متعدد حملے کیے۔