بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر صوبے کے بلوچ آبادی والے متعدد چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا گیا۔*
*بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر صوبے کے بلوچ آبادی والے متعدد چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا گیا۔*
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 16 برسوں سے ہر سال عید کے موقع پر جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج ہوتا تھا تاہم اس بار کی عید قدرے مختلف رہی۔
اس سال عید پر احتجاج کا دائرہ کار محدود نہیں تھا۔ جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والی ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان کے متعدد شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔
بی وائی سی کی مرکزی قیادت میں سے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ ، سمّی بلوچ ، صبغت اللہ شاہ جی اور بیبرگ بلوچ سمیت کئی رہنما اور کارکن گذشتہ کئی روز سے حراست میں ہیں۔
عید کے روز ان افراد کی گرفتاری کے خلاف نہ صرف بی وائی سی کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی بلکہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے زیر اہتمام لک پاس کے مقام پر دھرنا جاری رہا۔
بی وائی سی کی کال پر صوبے کے بلوچ آبادی والے متعدد چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاج کیا گیا۔
دوسری جانب بی وائی سی کی خواتین رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف ضلع کوئٹہ سے متصل مستونگ کے علاقے لک پاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام دھرنا بھی جاری رہا۔
یہ پہلا موقع تھا کہ عید کے موقع پر ایک دھرنا بھی چل رہا ہے جس کے شرکا نے نماز عید بھی دھرنے کے مقام پر ادا کی۔
دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا کہ یہ لوگ کسی ووٹ، فنڈ یا کسی سکیم کے لیے یہاں جمع نہیں ہوئے ہیں۔
*لاپتہ پیاروں کی متلاشی بلوچ خواتین: ’دل سے ڈر ختم ہو چکا، بس کسی بھی طرح ہمیں اپنے بھائیوں کو واپس لانا ہے‘
*کیا ہارڈ سٹیٹ ہی بلوچستان کے مسئلے کا حل ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ یہ بات تاریخ کا حصہ رہے گی کہ ان لوگوں نے اپنی ماؤں اور بہنوں کی عزت کی خاطر عید اس میدان میں گزاری۔
اختر مینگل کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا واحد مطالبہ ہے کہ حکومت ان خواتین کو رہا کرے اور اگر اس مطالبے کو تسلیم نہیں کیا گیا تو آئندہ دو تین روز تک ہم اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے