بہاولنگر () ڈپٹی کمشنر بہاولنگر، ذوالفقار احمد بھون نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز،
بہاولنگر () ڈپٹی کمشنر بہاولنگر، ذوالفقار احمد بھون نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر شوکت علی وٹو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہسپتال میں صفائی، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی حاضری اور مریضوں کے لیے دیگر ضروری انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے براہ راست بات چیت کی اور ان سے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کے حوالے سے رائے لی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ ہسپتال میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو تمام ضروری طبی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایمرجنسی وارڈ میں عملے کی موجودگی ہر وقت یقینی ہونی چاہیے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ایم ایس ڈاکٹر شوکت علی وٹو نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں دستیاب سہولیات، طبی عملے کی کارکردگی اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر مزید طبی سہولیات اور عملے کی ضرورت ہے۔