November 17, 2026

بہاولنگر () ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے میٹرک کے جاری امتحانات کے سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا،

20250315_192038

بہاولنگر () ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے میٹرک کے جاری امتحانات کے سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امتحانی عمل کی نگرانی کی اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز میں طلبہ کے لیے کیے گئے انتظامات، نشستوں کی ترتیب، بجلی، پنکھوں، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے امتحانی ہالز میں جا کر طلبہ سے براہ راست گفتگو کی اور ان سے دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کی بدنظمی یا نقل کی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، اور نقل کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز پر تعینات عملے کو مزید مستعدی سے فرائض انجام دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ تمام طلبہ کو پرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے امتحانات دے سکیں۔
دورے کے دوران انہوں نے بعض مراکز میں سہولیات کی بہتری کے لیے فوری احکامات جاری کیے اور کہا کہ امتحانات کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے والدین اور طلبہ کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے اور تمام مراکز کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔