November 16, 2026

شیخ ندیم شیراز ، ایک سچے صحافی کی یاد میں تحریر: سلمان احمد قریشی

IMG-20250121-WA0239(7)

شیخ ندیم شیراز ، ایک سچے صحافی کی یاد میں

تحریر: سلمان احمد قریشی

زندگی ایک سفر ہے جو لمحہ بہ لمحہ اپنی منزل کی طرف بڑھتی ہے۔ کوئی مسافر آتا ہے، کوئی چلا جاتا ہے، اور یہ ازل سے ابد تک جاری رہنے والا سلسلہ ہے۔ مگر کچھ ہستیاں ایسی ہوتی ہیں جو محض نام نہیں، ایک کردار ہوتی ہیں—ایسا کردار جو جانے کے بعد بھی دلوں میں زندہ رہتا ہے۔ شیخ ندیم شیراز بھی ایسا ہی ایک نام تھا، جو اپنے پیچھے ایک روشن یادگار چھوڑ گیا ہے۔
شیخ ندیم شیراز صرف ایک بھائی نہیں تھا، بلکہ ایک باپ بھی تھا، جو اپنی اولاد اور خاندان کے لیے رزقِ حلال کی جستجو میں ہر دم مصروف رہتا تھا۔ لیکن اس کی زندگی محض معاشی جدوجہد تک محدود نہیں تھی، بلکہ وہ ایک سچے اور نڈر صحافی کے طور پر بھی متحرک تھا۔ اس کے لیے صحافت صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مشن، ایک جنون اور ایک عہد تھا۔ وہ سچ کی آواز بلند کرنے کا حوصلہ رکھتا تھا اور اس راستے میں آنے والی مشکلات کو خندہ پیشانی سے قبول کرتا تھا۔
راقم الحروف بھی قلم سے وابستہ ہے، اور اس نسبت سے شیخ ندیم شیراز سے ایک خاص تعلق تھا۔ وہ ہمیشہ اس بات کا فخر سے اظہار کرتا کہ وہ میرے والد مرحوم ضمیر احمد قریشی کے شاگرد رہ چکے ہیں۔ اس نسبت نے ہمارے درمیان ایک ایسا روحانی اور فکری رشتہ قائم کیا جو محض پریس کلب کے ساتھی ہونے سے کہیں زیادہ مضبوط تھا۔ وہ ایک ایسا رفیق تھا جو اختلافات کے باوجود خیر خواہی کا جذبہ رکھتا تھا، اور ہمیشہ بہتری کی امید لیے آگے بڑھتا تھا۔اسی طرح پریس کلب کے انتخابات میں انفارمیشن سیکرٹری کے عہدے کے لیے کھڑے ہونے کا فیصلہ بھی اسی جذبے کا مظہر تھا۔ اس نے گروپنگ اور چالاکیوں کے ماحول میں بھی اپنی شفاف نیت کو مقدم رکھا۔ مگر قسمت نے کچھ اور ہی فیصلہ کر رکھا تھا۔ انتخابات نہ ہو سکے اور عبوری سیٹ اپ میں اس کا نام شامل نہ کیا گیا، لیکن شاید یہی اس کی اصل کامیابی تھی، کیونکہ وہ کسی عہدے یا منصب سے بہت بلند تھا۔ اس نے ہمیشہ اجتماعی مفاد کو اپنی ذات پر ترجیح دی، اور جب حالات ناموافق ہوئے تو خاموشی اختیار کر لی۔
پھر بیماری نے اسے آ لیا، اور وہ آنکھیں ہمیشہ کے لیے بند ہو گئیں جو اوکاڑہ پریس کلب کے انتخابات کو ایک بہتر شکل میں ہوتا دیکھنا چاہتی تھیں۔ مگر یہ دنیا اپنی روش پر قائم ہے، خواہشات کی جنگ، سازشوں کے جال، مفادات کی کشمکش سب چلتے رہیں گے۔ اس سے پہلے بھی کئی روشن چراغ بجھ چکے ہیں۔حاجی ناصر وحید، شہباز ساجد۔لیکن ان کی یادیں آج بھی زندہ ہیں، اور یہی اصل زندگی ہے۔
انسان چلا جاتا ہے، عہدے ختم ہو جاتے ہیں، مرتبے مٹ جاتے ہیں، لیکن کردار باقی رہتے ہیں، یادیں زندہ رہتی ہیں۔دعا ہے کہ شیخ ندیم شیراز یادوں میں زندہ رہنے والے چراغ کی مانند روشن رہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شیخ ندیم شیراز کی مغفرت فرمائے، اس کی منزلیں آسان کرے، اور ہمیں وہ کردار عطا کرے کہ جب ہم اس دنیا سے رخصت ہوں تو ہمارے دوست، ہمارے چاہنے والے ہمیں اچھے الفاظ میں یاد کریں۔
اے اللہ! ہمیں جوڑنے والا بنا، انتشار اور سازشوں سے بچا، اور جب ہمارا وقت آئے تو ہمیں محبتوں اور نیک نامی کے ساتھ رخصت فرما،آمین۔