November 9, 2026

سیاسی جدوجہد اور کارکن کی کامیابی تحریر: سلمان احمد قریشی

IMG-20250121-WA0239(4)

سیاسی جدوجہد اور کارکن کی کامیابی

تحریر: سلمان احمد قریشی

پاکستانی سیاست میں نظریاتی کارکنوں کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، خاص طور پر ان کارکنوں کا جو سیاسی جماعتوں کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیتے ہیں۔ وہ افراد جو مشکل حالات میں بھی اپنی قیادت کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں، ان کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں ہوتیں۔ ایسا ہی ایک نام علی حسن چشتی کا ہے، جو پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کے دیرینہ کارکن ہیں اور اب پارٹی چیئرپرسن غنوی بھٹو کی جانب سے صوبہ پنجاب کے صدر کے طور پر نامزد کیے گئے ہیں۔
یہ فیصلہ نہ صرف ایک فرد کی جدوجہد کا اعتراف ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پارٹی قیادت ان لوگوں کو آگے لانا چاہتی ہے جو نظریاتی طور پر پارٹی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ علی حسن چشتی کی نامزدگی ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ سیاسی جماعتیں آج بھی کارکنوں کی خدمات کو تسلیم کرتی ہیں۔
علی حسن چشتی کا سیاسی سفر زمانۂ طالبعلمی سے شروع ہوا، جب وہ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) کے فعال رکن کے طور پر متحرک رہے۔ نظریاتی سیاست سے وابستگی کی بنا پر وہ ہمیشہ ان کارکنوں میں شمار ہوتے رہے جنہوں نے اپنی جدوجہد کو محض وقتی مصلحت کے تحت ترک نہیں کیا، بلکہ مسلسل ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں کہ مرتضیٰ بھٹو کی جلاوطنی کے بعد جب وہ پاکستان واپس آئے تو ان کا استقبال کرنے والوں میں علی حسن چشتی بھی شامل تھے۔ راقم الحروف نے انہیں زمانۂ طالبعلمی میں “میری جان جوانی پی ایس ایف” کے نعرے لگاتے دیکھا، اور آج وہ بھٹو کی جماعت کے صوبائی صدر کے منصب پر فائز ہیں۔
بھٹو کے نام پر جان قربان کرنے کو تیار علی حسن چشتی آج ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کے لیے پنجاب میں سیاسی طور پر جگہ بنانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید سے عشق، مرتضیٰ بھٹو شہید سے وفاداری اور ذوالفقار علی بھٹو جونیئر تک یہ وابستگی قائم و دائم ہے۔ یہ قائد عوام کی کامیابی ہے، یہ عشق کا اعلان ہے کہ “بھٹو زندہ ہے اور زندہ رہے گا!” بھٹو کی تیسری نسل بھی عوام کے لیے میدانِ عمل میں ہے، اور عوام آج بھی بھٹو کے ساتھ کھڑے ہیں۔
علی حسن چشتی کی وساطت سے ہمیں بھی مرتضیٰ بھٹو سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ مرتضیٰ بھٹو کی شہادت سے چند ماہ قبل لاہور میں ہونے والی یہ ملاقات آج علی حسن چشتی کی صوبائی صدر نامزدگی کی خبر کے ساتھ تازہ ہو گئی۔ سیاست میں لیڈر اور کارکن کا رشتہ کتنا پائیدار ہوتا ہے اور نظریاتی وابستگی کتنی اہمیت رکھتی ہے، اس کا اندازہ ایک نوٹیفکیشن نے کروا دیا۔
وہ کارکن جو صرف نعروں اور جلسوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ عملی طور پر اپنی قیادت کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ہمیشہ ایک مثال بن جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج جب انہیں پارٹی کی صوبائی صدارت سونپی گئی ہے، تو یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ تمام نظریاتی کارکنوں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔
مرتضیٰ بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کو ایک نئے چیلنج کا سامنا تھا۔ ایسے میں جو لوگ غنوی بھٹو کے ساتھ کھڑے رہے، ان میں علی حسن چشتی بھی شامل تھے۔ سیاسی کارکنوں کے لیے یہ سفر ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، خاص طور پر جب قیادت کو مسلسل چیلنجز درپیش ہوں۔ علی حسن چشتی جیسے کارکنوں نے اس دوران جس استقامت اور وابستگی کا مظاہرہ کیا، وہ کسی بھی جماعت کے لیے قیمتی سرمایہ ہوتا ہے۔
سیاسی جماعتوں میں قیادت اور کارکنوں کے درمیان ایک خاص تعلق ہوتا ہے۔ بعض اوقات یہ رشتہ کمزور بھی پڑ جاتا ہے، خاص طور پر جب قیادت کارکنوں کی قربانیوں کو نظر انداز کر دے۔ لیکن پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) نے علی حسن چشتی کو پنجاب کی قیادت سونپ کر اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ پارٹی کارکنوں کی قربانیوں کو بھلانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔
یہ فیصلہ اس لیے بھی اہم ہے کہ اس سے دوسرے کارکنوں کو حوصلہ ملے گا کہ اگر وہ ثابت قدمی سے اپنے نظریات پر ڈٹے رہیں، تو ایک دن ان کی خدمات کا اعتراف ضرور ہوگا۔
علی حسن چشتی کو ایک ایسے وقت میں پنجاب کی قیادت سونپی گئی ہے جب پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کو اپنی سیاسی حیثیت مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب ایک ایسا صوبہ ہے جہاں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کا زیادہ اثر و رسوخ ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ نظریاتی سیاست کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ اگر قیادت اور کارکن یکجا ہو کر عوامی مسائل پر توجہ دیں تو پارٹی کے لیے یہاں ایک نئی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
غنوی بھٹو کی ہدایت کے مطابق آئندہ تین ماہ کے اندر صوبائی کابینہ مکمل کی جائے گی، جو پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرے گی۔ علی حسن چشتی اور ان کی ٹیم کے لیے یہ ایک بڑا چیلنج ہوگا کہ وہ پارٹی کو صوبے میں ایک فعال قوت کے طور پر منظم کریں اور عوامی سطح پر پارٹی کے بیانیے کو موثر انداز میں پیش کریں۔
سیاسی کارکنوں کے لیے سب سے بڑی کامیابی یہ ہوتی ہے کہ ان کی خدمات کو تسلیم کیا جائے اور انہیں جماعت کے اندر اہم مقام ملے۔ علی حسن چشتی کی نامزدگی اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) آج بھی ان کارکنوں کو اہمیت دیتی ہے جو مشکل حالات میں بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔
یہ ایک کارکن کی نہیں، بلکہ نظریاتی سیاست کی کامیابی ہے۔ ایسی کامیابیاں ہی جماعتوں کو مستحکم کرتی ہیں اور انہیں عوامی مقبولیت کی طرف لے جاتی ہیں۔ علی حسن چشتی کو نئی ذمہ داری مبارک ہو، اور امید ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو اسی جوش و جذبے کے ساتھ نبھائیں گے جس کے ساتھ وہ اب تک پارٹی کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔