November 16, 2026

*سکول مینجمنٹ کونسلز (SMC) پالیسی 2024 کا گزٹ نوٹیفیکیشن جاری*

20250220_024329

*سکول مینجمنٹ کونسلز (SMC) پالیسی 2024 کا گزٹ نوٹیفیکیشن جاری*

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب سکول مینجمنٹ کونسلز پالیسی 2024 کا نوٹیفکیشن نمبر SO(A-1)3-1/2024 جاری کیا، جو 23 جنوری 2025 کو پنجاب گزٹ (ایکسٹرا آرڈنری) میں شائع کیا گیا۔ یہ پالیسی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں کمیونٹی انگیجمنٹ کو مضبوط بنانے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مرتب کی گئی ہے۔

*1. تعارف (Introduction)*

یہ پالیسی حکومت پنجاب کے کابینہ اجلاس (19 دسمبر 2024) میں منظوری کے بعد جاری کی گئی۔ اس کا مقصد سکولوں میں کمیونٹی کی شمولیت کو بڑھانا، تعلیمی معیار کو بلند کرنا، اور ایک مضبوط و شفاف تعلیمی نظام کی تشکیل ہے۔

*یہ پالیسی درج ذیل مقاصد کے تحت بنائی گئی ہے:*

سکول کی سطح پر فیصلہ سازی کو بہتر بنانا

کمیونٹی اور والدین کی شراکت داری کو فروغ دینا

طلبہ کے لیے ایک مثالی تعلیمی ماحول فراہم کرنا

*2. ویژن اور مشن (Vision & Mission)*

پنجاب میں ایک ایسا فعال اور جوابدہ تعلیمی نظام قائم کرنا جو طلبہ کو تبدیلی کا باعث بننے والی تعلیم فراہم کرے اور انہیں ذمہ دار شہری اور زندگی بھر سیکھنے والے بننے کے لیے تیار کرے۔

سرکاری سکولوں میں مضبوط اور مؤثر کمیونٹی انگیجمنٹ کو فروغ دینا تاکہ شفافیت، شراکت داری، اور وسائل کی بہتر تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔

*3. بنیادی اصول (Core Principles)*

والدین، اساتذہ، کمیونٹی، اور حکومت کے مابین قریبی روابط پیدا کرنا۔

وسائل کا مؤثر استعمال، کمیونٹی اور فلاحی تنظیموں کی مدد سے سکولوں کی ترقی۔

مالی معاملات میں شفافیت اور تمام شراکت داروں کی جوابدہی کو یقینی بنانا۔

*4. دائرہ کار (Scope)*

یہ پالیسی پنجاب میں تمام سرکاری سکولوں پر لاگو ہو گی، چاہے وہ براہ راست حکومت کے زیر انتظام ہوں یا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چل رہے ہوں۔

*5. سکول مینجمنٹ کونسل (SMC) کی تشکیل*

ہر سکول میں سکول مینجمنٹ کونسل (SMC) تشکیل دی جائے گی، جس کی مدت 3 سال ہو گی۔

*1. کونسل کے اراکین کی تعداد:*

ہر کونسل میں کم از کم 10 اراکین ہوں گے، جن میں شامل ہوں گے:

3 والدین کے نمائندے (لڑکوں کے سکول میں صرف والد، اور لڑکیوں کے سکول میں صرف والدہ شامل ہو سکتی ہیں)۔

2 اساتذہ کے نمائندے (ہیڈ ماسٹر/ہیڈ مسٹریس اور سینئر ترین ٹیچر)

3 کمیونٹی کے نمائندے (سابق اساتذہ، تاجر، سماجی کارکن، سابق فوجی یا سرکاری افسران)

1 اقلیتی یا خصوصی بچوں کے والدین کا نمائندہ (اگر ایسا ممکن نہ ہو تو ایک اضافی والدین کا نمائندہ لیا جائے گا)

1 نوجوان/یوتھ کا نمائندہ (لڑکوں کے سکول میں مرد اور لڑکیوں کے سکول میں خاتون، عمر 25-35 سال، کم از کم بیچلرز ڈگری کے حامل)

1 اضافی رکن (اگر ضرورت ہو تو کونسل کسی فرد کو نامزد کر سکتی ہے، لیکن وہ ووٹ کا حق نہیں رکھے گا)۔

*2. عہدے دار:*

چیئرمین: سکول کا سربراہ (ہیڈ ماسٹر/ہیڈ مسٹریس)

وائس چیئرمین: والدین، کمیونٹی، یا نوجوان نمائندوں میں سے منتخب کیا جائے گا۔

سیکرٹری: سکول کا سینئر ترین ٹیچر

*6. ممبران کے انتخاب کا طریقہ کار*

*1. انتخابی کمیٹی (Selection Committee)*

ہر سطح کے سکول کے لیے ایک انتخابی کمیٹی ہو گی:

*پرائمری سکول:* اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر (AEO)۔

*ایلیمنٹری سکول:* ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DDEO)

*سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سکول:* ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO-SE)

*2. انتخاب کے مراحل:*

1. اعلان اور تشہیر (سکول نوٹس بورڈ، لوکل کمیونٹی میں اعلانات)

2. درخواستوں کی وصولی (7 دن کے اندر)

3. جانچ پڑتال اور مختصر فہرست بنانا (تعلیمی معیار، اثر و رسوخ، مالی استحکام)

4. انٹرویو اور حتمی انتخاب (قیادت، مواصلاتی مہارت، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت)

5. منظوری اور تقرری کا نوٹیفکیشن (5 دن میں)

*7. ممبران کی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافہ*

کونسل کے ممبران کے لیے ایک جامع تربیتی پروگرام ترتیب دیا جائے گا، جس میں درج ذیل موضوعات شامل ہوں گے:

مالیاتی نظم و نسق
تعلیمی نظام اور پالیسیوں کی آگاہی
کمیونٹی کی شمولیت
ڈیجیٹل خواندگی
ڈیزاسٹر مینجمنٹ
سکول انفراسٹرکچر کی بہتری
طلبہ کی کارکردگی کی نگرانی

*8. رکنیت میں تبدیلی (Membership Changes)*

اگر کوئی رکن وفات پا جائے، استعفیٰ دے دے، یا تین مسلسل اجلاسوں سے غیر حاضر رہے تو اس کی جگہ نیا رکن منتخب کیا جائے گا۔

اگر سکول کا کوئی استاد کسی اور جگہ تبدیل ہو جائے تو اس کی جگہ نیا استاد رکن منتخب کیا جائے گا۔

*9. کونسل کے اختیارات اور ذمہ داریاں*

سکول مینجمنٹ کونسل کے اہم اختیارات درج ذیل ہیں:

اساتذہ اور طلبہ کی حاضری اور کارکردگی کی نگرانی

سکول میں جسمانی سزا اور کسی بھی قسم کی ہراسگی کو روکنا

سکول کے بنیادی ڈھانچے، فرنیچر، اور سہولیات کی دیکھ بھال

صحت اور حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانا (ڈینگی، سموگ سے متعلق آگاہی مہمات)

کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینا۔

*پارٹ 2* (نوٹیفیکیشن کا دوسرا حصہ)

*شیڈول 1: سرکاری امور کا طریقہ کار*

*الف: SMCs کے سرکاری امور کا طریقہ کار*

اسکول سربراہ بطور چیئرپرسن تمام اجلاسوں کی صدارت کریں گے اور منظم طریقے سے اجلاس کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔

ایس ایم سی ( SMC) کی پہلی میٹنگ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ایک ہفتے کے اندر منعقد کی جائے گی۔

پہلے اجلاس کا سب سے پہلا کام والدین کے اراکین میں سے اکثریتی ووٹ کے ذریعے ایک وائس چیئرپرسن منتخب کرنا ہوگا۔

ایس ایم سی( SMC) ہر سہ ماہی میں ایک بار اجلاس منعقد کرے گی، تاہم چیئرپرسن، وائس چیئرپرسن یا سیکرٹری ضرورت پڑنے پر خصوصی اجلاس طلب کر سکتے ہیں۔

عام اجلاسوں کے لیے تاریخ، وقت اور ایجنڈا کم از کم 3 دن پہلے، جبکہ خصوصی اجلاس کے لیے 24 گھنٹے پہلے تمام اراکین کو مطلع کیا جائے گا۔

تمام اجلاسوں کا انعقاد متعلقہ اسکول میں ہوگا۔

کسی غیر معمولی صورت میں، کوئی رکن تحریری اجازت کے ساتھ کسی دوسرے رکن (سوائے اسکول سربراہ کے) کو اپنی جگہ نامزد کر سکتا ہے، تاہم کوئی ایک فرد ایک سے زیادہ اراکین کی نمائندگی نہیں کر سکتا۔

کوئی بھی SMC رکن اجلاس میں شرکت پر کسی قسم کا معاوضہ لینے کا حقدار نہیں ہوگا۔

*ب: SMC کا کورم اور فیصلے*

کورم کے لیے چیئرپرسن، وائس چیئرپرسن، سیکرٹری سمیت ووٹنگ اراکین کی سادہ اکثریت ضروری ہوگی۔

بنیادی فیصلے، جیسے انفراسٹرکچر کی بہتری، خریداری، عملے کی بھرتی، اور فنڈز کے استعمال سے متعلق فیصلے، حاضر ووٹنگ اراکین کی اکثریت سے کیے جائیں گے۔

اگر کورم پورا ہو تو کسی رکن کی غیر حاضری سے اجلاس یا فیصلے کالعدم نہیں ہوں گے۔

ووٹنگ ہاتھ اٹھا کر کی جائے گی اور برابر ووٹ ہونے کی صورت میں چیئرپرسن کا فیصلہ حتمی ہوگا۔

*ج: اجلاس کی کاروائی کا ریکارڈ*

سیکرٹری تمام اجلاسوں کی تفصیلی روداد “کاروائی رجسٹر” میں درج کرے گا۔

اجلاس کی روداد اور تصاویر اسکول میں محفوظ کی جائیں گی اور ساتھ ہی اسکول انفارمیشن سسٹم (SIS) پر اپلوڈ کی جائیں گی۔
–
*شیڈول 2: مالیاتی امور کا طریقہ کار*

*الف: اسکول فنڈز کا انتظام*

تمام فنڈز اور املاک اسکول کی بہتری کے لیے استعمال ہوں گے، جس میں مالیاتی نظم و ضبط کو مدنظر رکھا جائے گا۔

“اسکول فنڈز درج ذیل ذرائع سے حاصل ہوں گے:*

نان سیلری بجٹ (NSB)

جدید مالیاتی ماڈلز کے ذریعے جمع کیے گئے فنڈز

سابق طلبہ، کمیونٹی اراکین، مخیر حضرات، CSR فنڈز، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، NGOs اور دیگر عطیہ دہندگان کی امداد

فروغِ تعلیم فنڈ(FTF)

نان سیلری بجٹ میں “بنیادی گرانٹ” اور “اضافی کارکردگی گرانٹ” شامل ہوگی، جو SMC کی کارکردگی پر منحصر ہوگی۔ اضافی کارکردگی گرانٹ درج ذیل عوامل کی بنیاد پر دی جائے گی:

داخلوں میں اضافہ،
طلبہ کے ڈراپ آؤٹ میں کمی،
اساتذہ کی حاضری اور وقت کی پابندی،
شمولیتی تعلیم اور تنوع،
بنیادی تعلیمی مہارتوں میں بہتری،
تعلیمی نتائج کا معیار،
غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت،
اسکول کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی،
مانیٹرز اور ایویلیوٹرز کی سفارشات،
مقامی کمیونٹی اور مخیر حضرات سے جمع کیے گئے فنڈز،

*ب: اسکول فنڈز کا استعمال*

ایس ایم سی (SMC) فنڈز درج ذیل مقاصد کے لیے استعمال کر سکتی ہے:

کلاس رومز، لیبارٹریز، لائبریری، بیت الخلاء، پانی کے ذرائع کی دیکھ بھال

نئی کلاس رومز، ٹوائلٹس، باؤنڈری وال اور پانی کے نظام کی تعمیر

خصوصی طلبہ کے لیے اسکول کو موزوں بنانا (مثلاً ریمپ، مخصوص ٹوائلٹس)

فرنیچر، اسٹیشنری، لیب کا سامان، تعلیمی مواد کی خریداری

کھیلوں کے سامان، غیر نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے انعقاد کے اخراجات

کمیونٹی اساتذہ کی تنخواہیں

امتحانات کے اخراجات، سوالیہ پرچوں کی چھپائی، جوابی کاپیوں کی خریداری

انٹرنیٹ سروس کی فراہمی

بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور اساتذہ کے لیے انعامات

غریب طلبہ کے لیے یونیفارم اور اسٹیشنری کی فراہمی

دیگر کسی بھی مقصد کے لیے، بشرطیکہ DEA سے منظوری حاصل کی گئی ہو

*ج: فنڈز کے استعمال کا طریقہ*

اسکول کے SMC بینک اکاؤنٹ کو اسکول ہیڈ اور وائس چیئرپرسن مشترکہ طور پر چلائیں گے۔

ہر اسکول میں سالانہ 25 لاکھ روپے تک کے سول ورک کے اخراجات کیے جا سکتے ہیں۔

اخراجات کی منظوری SMC دے گی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

ہیڈ ٹیچر اکاؤنٹنگ افسر ہوں گے اور تمام مالیاتی ریکارڈ محفوظ رکھیں گے۔

ایس ایم سی (SMC) سرکاری خریداری کے قوانین اور PPRA رولز سے مستثنیٰ ہوگی۔

25 لاکھ روپے تک کے فنڈز پر آڈٹ، PPRA، GST، انکم ٹیکس، PST لاگو نہیں ہوگا۔

غیر سرکاری فنڈز جیسے عطیات اور دیگر مالیاتی ذرائع کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نہیں کرے گا۔

*مالیاتی آڈٹ کا طریقہ کار*

ایس ایم سیز (SMCs) میں مالیاتی شفافیت کے لیے تین سطحوں پر آڈٹ کا نظام قائم کیا جائے گا:

*1. اندرونی آڈٹ کمیٹی (IAC):*

ایس ایم سی (SMC) میں 5 رکنی آڈٹ کمیٹی بنائی جائے گی جس میں چیئرپرسن، ایک استاد، ایک والدین کا نمائندہ، ایک عام رکن، اور ایک نوجوان شامل ہوں گے۔

یہ کمیٹی سہ ماہی آڈٹ کرے گی اور سالانہ رپورٹ ڈسٹرکٹ آڈٹ کمیٹی کو جمع کرائے گی۔

*2. ضلع آڈٹ کمیٹی:*

ہر ضلع میں CEO (DEA) کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم ہوگی جو ہر سال 30-40% SMCs کا آڈٹ کرے گی۔

آڈٹ کے بعد رپورٹ محکمہ اسکول ایجوکیشن کو پیش کی جائے گی۔

*3. محکمہ جاتی آڈٹ کمیٹی:*

اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ایک آزاد آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرے گا جو 5-10% SMCs کا آڈٹ کرے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

*شیڈول 3: کمیونٹی اساتذہ کی بھرتی*

ایس ایم سی( SMC) اور DEA کے نامزد کردہ 2 اراکین پر مشتمل کمیٹی مقامی کمیونٹی سے اساتذہ کی بھرتی کرے گی۔

بھرتی کا عمل شفاف، میرٹ پر مبنی، اور مسابقتی ہوگا۔

منتخب اساتذہ کو 3 دن کے اندر اسکول ہیڈ نوکری کا آرڈر جاری کرے گا۔

ماہانہ وظیفہ محکمہ کی طرف سے وقتاً فوقتاً طے کیا جائے گا۔

ملازمت صرف 89 دن کے لیے ہوگی۔

کمیونٹی اساتذہ مستقل بھرتی یا دیگر فوائد کے حقدار نہیں ہوں گے۔

*یہ پنجاب سکول مینجمنٹ کونسلز پالیسی 2024 حکومت پنجاب کی ایک بڑی اصلاحاتی کاوش ہے، جس کا مقصد سکولوں کو کمیونٹی کی مدد سے مضبوط بنانا، تعلیمی معیار میں بہتری، اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔*

*یہ پالیسی اساتذہ، والدین، اور کمیونٹی کے اشتراک سے ایک مؤثر تعلیمی نظام کو تشکیل دینے میں مدد دے گی۔*