November 17, 2026

11 فروری 1984یوم شہادت عظیم انقلابی ہیرو مقبول بٹ ۔ تحریر ۔۔۔۔۔ ضرار جگوال

IMG-20250211-WA0454

11 فروری 1984یوم شہادت عظیم انقلابی ہیرو مقبول بٹ ۔

تحریر ۔۔۔۔۔ ضرار جگوال

جس قوم میں غازی اور شہدا نہ ہوں وہ قوم بانجھ، بزدل،محکوم اور مغلوب ہو جاتی ہے، ایک وقت آتا ہے جب یہ قوم اپنی آزادی سے بھی محروم ہو جاتی ہے۔ دنیا میں کوئی قوم ایسی نہیں گزری جو جانبازوں، سرفروشوں کے بغیر سرخرو ہوئی ہو اور آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوئی ہو وہ تمام لوگ تاریخ میں آج بھی زندہ ہیں جنہوں نے اجتماعی بقا کی خاطر اپنی انفرادی زندگی کی قربانی دی۔ وہ مر کر بھی نہیں مرے بلکہ اپنے کردار کی وجہ سے امر ہو گئے۔ ان افراد میں جموں کشمیر سے مقبول بٹ شہید، لاطینی امریکہ سے چی گویرا، برصغیر سے بھگت سنگھ، پاکستان میں حسن ناصر، افغانستان میں ڈاکٹر نجیب اللہ اور دیگر بے شمار ایسے انقلابیوں کی تاریخ ہے جنہوں نے اپنے نظریاتی کمزوریوں یا طریقہ کار کی غلطیوں سے قطع نظر ایک بڑے مقصد کے لئے جان قربان کر دینے سے بھی گریز نہیں کیا۔ ان لوگوں کی جدوجہد میں نئی نسلوں کے لئے بے شمار اسباق موجود ہیں۔۔ کشمیری قوم اس حقیقت کو بخوبی سمجھتی اور جانتی ہے یہی وجہ کہ غلامی کی تاریک راہوں کو آزادی کی شمع سے فروزاں کرنے کے لئے کشمیری قوم عرصہ دراز سے ستونِ دار پر سروں کے چراغ رکھتی چلی آ رہی ہے ۔ کشمیری مائوں نے بڑے بڑے سپوت اور جانباز پیدا کیے جن میں سے ایک مقبول بٹ شہید تھے۔ مقبول بٹ شہید 18 فروری 1938ء کو کپواڑہ کے ایک گاؤں تریہگام میں پیدا ہوئے۔ مقبول بٹ کی ولادت سے صرف دو برس قبل کشمیری قوم 13 جولائی1936ء کا ایمان افروز معرکہ لڑ چکی تھی جو تاریخ میں شہدائے کشمیر کے نام سے معروف ہے۔ اس معرکہ میں 22 افراد نے اذان کی تکمیل کی خاطر یکے بعد دیگرے جانیں قربان کی تھیں اور یہ معرکہ تحریک آزادی کشمیر کا نقطہ آغاز ثابت ہوا تھا، آنے والے دنوں میں اس معرکے کی وجہ سے آزادی کی تحریک پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔ جن 22 نے 13جولائی کے دن جانیں قربان کی تھیں مقبول بٹ ان کے مشن کو لے کر آگے بڑھے۔ اپریل 1965ء میں مقبول بٹ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سیاسی جماعت محاذ رائے شماری کی بنیاد رکھی۔ 13 اگست 1965ء کو محاذ رائے شماری کا خفیہ مسلح ونگ این ایل ایف قائم کیا۔ این ایل ایف کو تشکیل دینے اور اس کا دائرہ کار بڑھانے کے لئے جون 1966ء میں کچھ ساتھیوں کے ہمراہ جنگ بندی لائن عبور کر کے بھارتی مقبوضہ کشمیر چلے گئے جہاں این ایل ایف کے لیے تنظیم سازی اور تربیت کے کام کا آغاز کیا۔ جبکہ مقبول بٹ دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لئے گئے۔ سری نگر سنٹرل جیل میں ان پر بغاوت اور امرچند کے قتل کا مقدمہ چلایا گیا۔ اگست 1968ء میں ان کو سزائے موت سنائی گئی۔ جب جج سزائے موت کا فیصلہ سنا چکا تو اس نے مقبول بٹ کے چہرے کی طرف دیکھا۔ اس کا خیال تھا کہ چہرے پر غم، دکھ اور موت کے ڈر کی پرچھائیں ہوں گی لیکن وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ مقبول بٹ کا چہرہ خوشی اور مسرت سے جگمگا رہا تھا۔ تب مقبول بٹ نے جج کو مخاطب کر کے کہا جج صاحب وہ رسی ابھی تیار نہیں ہوئی جو میرے لئے پھانسی کا پھندہ بن سکے۔ چنانچہ کچھ ہی عرصہ بعد مقبول بٹ جیل سے فرار ہو گئے اور برف پوش پہاڑوں کو عبور کر کے 23 دسمبر 1968 کو چھمب کے مقام سے آزاد کشمیر میں داخل ہوئے مگر یہاں ان کو گرفتار کر کے قید کر دیا گیا ، مقبول بٹ کو دونوں ریاستوں کی جانب سے سرینگر کے مہتاب باغ، مظفرآباد کے دلائی کیمپ اور لاہور کے بدنام زمانہ شاہی قلعہ میں پابند سلاسل کیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ لیکن انہوں نے جس راستے کا انتخاب کیا تھا اس میں پیش آنے والی مشکلات سے بخوبی آگاہ تھے اور ایک سچے انقلابی کی طرح اس جبر کا ظالم اور جابر قوتوں سے گلہ کرنا اپنی شان کے خلاف سمجھتے تھے۔ اس حوالے سے مقبول بٹ لکھتے ہیں یقیناً یہ بات حریت پسندوں کے شایان شان نہیں کہ وہ راہ عمل میں پیش آنے والی مشکلات اور آزمائشوں کے بارے میں گلہ گزار ہوں۔ حق تو یہ ہے کہ آزمائشوں کے یہ دور حریت پسندانہ زندگی کا لازمہ ہوتے ہیں اور انہیں خندہ پیشانی سے گلے لگانہ ہی انقلابیوں کا شیوہ ہوتا ہے۔ آزمائش، آلام اور صعوبتیں اس صورت حالات کا ایک حصہ ہوتی ہیں جن سے حریت پسندوں کا ہر وقت سامنا رہتا ہے۔ حریت پسندانہ سرگرمیوں کی پاداش میں ان ابتلاؤں کے علاوہ ایک اور کٹھن مرحلہ سے بھی واسطہ پڑتا ہے جسے عرف عام میں تشدد کہا جاتا ہے۔اس راستے کے مسافر کو زندگی کے ہر موڑ پر آزمائشوں اور امتحانات سے گزرنا پڑتا ہے۔ آزادی اور انقلاب جیسے عظیم مقصد کے حصول کی جدوجہد نے مقبول بٹ کو وہ حوصلہ اور جرأت فراہم کی کہ ہر موقع پر انہوں نے جھکنے اور بکنے سے انکار کیا تاہم محاذ رائے شماری، این ایل ایف اور این ایس ایف کے زبردست مظاہروں کے بعد آپ کو 8 مارچ 1969ء کو رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے بعد مقبول بٹ نے سیاسی سرگرمیوں پر تمام تر توجہ مرکوز کی اور نومبر 1969 میں آپ کو محاذ رائے شماری کا مرکزی صدر منتخب کر لیا گیا تاہم قائدِ انقلاب مقبول بٹ نے اپنی خفیہ عسکری سرگرمیاں بھی بدستور جاری رکھیں۔ یہ وہ دور تھا جب مقبول بٹ شہرت کی بلندیوں کو چھو رہے تھے۔ جب پاکستان میں پی پی کی حکومت قائم ہوئی تو ذوالفقار علی بھٹو نے منگلا قلعہ میں ان سے ملاقات کی، پی پی میں شمولیت کی دعوت دی اور آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ دینے کا وعدہ بھی کیا مگر جواب میں مقبول بٹ نے کہا ہماری منزل آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ نہیں بلکہ کشمیر کی مکمل آزادی اور خودمختاری ہے ۔ مقبول بٹ شہید ریاست جموں کشمیر میں بغاوت کی علامت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ ان کی زندگی کا زیادہ تر حصہ غلامی اور استحصال کے خلاف جدوجہد میں گزرا۔ اس جدوجہد کے دوران مقبول بٹ نے بے شمار مشکلات اور مصائب کا سامنا کیا لیکن جبر کا کوئی بھی طریقہ انکے آزادی اور انقلاب پر یقین کو متزلزل نہیں کر سکا۔ آج جب قابض قوتوں کی جانب سے مقبول بٹ کے نظریات اور کردار کو مسخ کرنے کی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے تو ان کے حقیقی نظریات کو انکے اپنے عدالتی بیانات کی روشنی میں بآسانی سمجھا جا سکتا ہے جو انہوں نے گنگا ہائی جیک کیس کے دوران عدالت میں دیے تھے۔ جموں کشمیر پر قابض برطانوی سامراج کی تخلیق کردہ ریاستوں نے مقبول بٹ کو ایک دوسرے کا ایجنٹ اور انکی جدوجہد کو سازش کا رنگ دے کر بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ مقبول بٹ شہید اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر کہتے ہیں میرے نزدیک یہ کوئی انوکھی بات نہیں تاریخ کے ہر دور میں استحصال اور غلامی کے خلاف جب بھی کوئی تحریک شروع کی گئی اسے دبانے کے لیے اقتدار اور اختیار پر قابض حکمرانوں نے ہمیشہ قانون کی لغت سازش کا سہارا لیا ہے۔ مگر یہ حقیقت اپنی جگہ پر قائم ہے کہ ظالم اور مظلوم کی جنگ میں فتح مظلوم کی ہوتی ہے اور ظلم کی عمارت مظلوم عوام کی انقلابی جدوجہد کے مقابلے میں دھڑام سے زمین بوس ہوتی ہے۔ میں نے ہمیشہ خود ستائی سے نفرت کی ہے۔ اب جبکہ میرے بے باک کردار کو غلط رنگ دینے کی دانستہ کوشش کی جا رہی ہے تو مجھے یہ دعویٰ کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے کہ میں نے زندگی کے ہر موڑ پر حق و انصاف کا ساتھ دیا ہے اور ظلم و استحصال کے خلاف مصروفِ جنگ عوام کی نہ صرف حمایت کی ہے بلکہ اس جنگ میں میں مظلوم عوام کا نقیب اور مدعی رہا ہوں۔ ۔بعد ازاں آزادکشمیر کی سیاست سے مایوس ہو کر مقبول بٹ مئی 1976 میں کچھ ساتھیوں سمیت جنگ بندی لائن عبور کر کے مقبوضہ کشمیر چلے گئے۔ ادھر بھارتی خفیہ اداروں کے اہلکاروں کو بھی ان کی آمدکی خبر ہو گئی۔ وہ مقبول بٹ کی گرفتاری کی راہ پر لگ گئے۔ آخر جان توڑ جدوجہد کے بعد وہ آزادی کے اس ہیرو کو پکڑنے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کے خلاف مقدمات کی فائلیں پہلے سے موجود تھیں، انہی مقدمات کو بنیاد بناتے ہوئے 11 فروری 1984 کو قائدِ حریت کو پھانسی کے تختے پر لٹکا دیا گیا اور جسدِ خاکی کو ورثاء کے حوالے کرنے کے بجائے جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا گیا۔ مقبول بٹ کی زندگی میں استحصالی قوتوں نے جو کچھ کیا اور ان کے مرنے کے بعد انکے نظریات سے جو کھلواڑ کیا جا رہا ہے، یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔انقلاب روس کا قائد لینن اپنی کتاب ’ریاست اور انقلاب‘ میں لکھتا ہے ہر دور کے انقلابی مفکروں کے نظریات اور عوام کی نجات کے آدرشوں کے لیے لڑنے والوں کے ساتھ یہ بار بار ہوتا چلا آ رہا ہے۔ سبھی انقلابیوں کی زندگی میں استحصالی طبقات وحشی کتوں کی طرح ان پر ٹوٹ پڑنے کو دوڑتے ہیں۔ ان کے نظریات کو انتہائی غلاظت اور گندگی میں لتھاڑ کر پیش کیا جاتا ہے اور جب وہ مر جاتے ہیں تو کوشش شروع کی جاتی ہے کہ ان کو بے ضرر قسم کا انسان بنا کر پیش کیا جائے۔ ان کے بارے میں داستانیں تخلیق کی جاتی ہیں اور ان کو کیا سے کیا بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ اور وہ بھی اس انداز میں کہ وہ انسان نہیں کوئی اور ہی شے تھے۔ اور یوں ایسے لوگ سب کچھ قرار پاتے ہیں سوائے اس کے کہ انہوں نے اپنی زندگیاں محروم اور درماندہ انسانوں کی زندگیاں بدلنے کے لیے وقف کر دی تھیں۔ مقصد اس قسم کی زیب داستاں کا ایک ہی ہوتا ہے کہ استحصال زدگان کو دھوکے، فریب اور سحر میں مبتلا کر دیا جائے اور ان بڑے انسانوں کے انقلابی آدرشوں اور نظریات پر مٹی ڈال دی جائے۔ انکے انقلابی تشخص کو بیہودہ طریقے سے بگاڑ دیا جاتا ہے۔ آج مقبول بٹ کے چاہنے والے لاکھوں افراد جو جموں کشمیر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں موجود ہیں کا انقلابی فریضہ بنتا ہے کہ وہ قابض استحصالی قوتوں کی طرف سے مقبول بٹ کے افکار، جدوجہد اور کردار پر ڈالی گئی دھول کو صاف کرتے ہوئے ان کی جدوجہد کو عہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق سائنسی نظریات اور لائحہ عمل کی روشنی میں آگے بڑھائیں۔ مقبول بٹ کی جدوجہد اور نظریات آج بھی کروڑوں استحصال زدہ عوام کیلئے مشعل راہ ہیں۔