ہارون آباد (نمائندہ خصوصی) بریگیڈیئر (ر) بابر علاء الدین کا بہاولنگر کا دورہ، ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ
ہارون آباد (نمائندہ خصوصی)
بریگیڈیئر (ر) بابر علاء الدین کا بہاولنگر کا دورہ، ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ
بہاولنگر.وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ کے چیئرپرسن بریگیڈیئر (ر) بابر علاء الدین ستارہ امتیاز ملٹری نے بہاولنگر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی محکموں کے افسران سے ملاقات کی اور انتظامی امور پر بریفنگ لی۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور انتظامی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیئرپرسن بابر علاء الدین نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر عوام کے مسائل کے حل کے لیے ان کے مسائل سے آگاہی ضروری ہے۔ انہوں نے شفاف طرز حکمرانی اور جامع مانیٹرنگ کی اہمیت پر زور دیا۔
بریگیڈیئر (ر) بابر علاء الدین نے کہا کہ بہاولنگر اب پسماندہ نہیں رہا، یہاں کشادہ سڑکیں، جدید ہسپتال اور دانش اسکول جیسے تعلیمی ادارے عوام کی فلاح کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے میں اصلاحات اور ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، اور ان کے ویژن کے مطابق پنجاب کو ایک نئے اور بہتر انداز میں ڈھالا جا رہا ہے۔
انہوں نے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنا کام نہ کرنا بھی بددیانتی کے زمرے میں آتا ہے۔ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ دفاتر سے نکل کر فیلڈ میں کام کریں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے یونین کونسلز کو حب آف ایکٹیویٹی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے تمام اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور عوامی فلاح کے لیے مقامی سطح پر بھی نئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ چیئرپرسن بابر علاء الدین نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔
بعد ازاں، چیئرپرسن نے فسلیٹیشن کاؤنٹرز کا دورہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آفتاب حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور حسین، اور تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
بریگیڈیئر (ر) بابر علاء الدین نے ڈی سی آفس کے لان میں یادگاری پودا بھی لگایا.