November 16, 2026

*نماز اور زکواہ کا حکم* اتوار 09 فروری 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

20250210_073439

*نماز اور زکواہ کا حکم*

اتوار 09 فروری 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

حضرت اسماعیل علیہ کے جن اوصاف کا ذکر قرآن مجید نے فرمایا ہے ان میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کو نماز اور زکاۃ کا حکم دیتے تھے ( سورہ مریم آیت نمبر 55) رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم کو بھی اس بات کا حکم دیا گیا کہ اے محمد! اپنے اہل و عیال کو نماز کا حکم دو اور خود بھی اس کے پابند رہو۔ (سورہ طہ، آیت نمبر 132) قرآن کریم سے ہدایت حاصل کرنے والے خوش نصیب لوگوں کی اللہ کریم نے جو نشانیاں بتائی ہیں ان میں سے ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ نماز قائم کرنے والے لوگ ہیں ۔ (سورہ بقرہ، آیت نمبر 3) نماز میں غفلت کاہلی اور سستی سے کام لینے کو اللہ تعالی نے منافقین کی نشانی بتایا ہے ۔ ارشاد باری تعالی ہے جب منافق نماز کے لئے اٹھتے ہیں تو کاہلی سے محض لوگوں کو دکھانے کے لئے اٹھتے ہیں ۔ (سورہ نساء آیت نمبر 142)

سورہ ماعون میں اللہ تعالیٰ نے ان نمازیوں کے لئے ہلاکت اور تباہی بتائی ہے جو نماز کے معاملے میں غفلت اور بےپروائی سے کام لیتے ہیں۔ قرآن مجید میں اللہ تعالی نے اقوام کی تباہی اور ہلاکت کا اصل سبب ترک نماز ہی بتایا ہے ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے اللہ کےفرمانبردار بندوں کے بعد ایسے نالائق لوگ ان کے جانشین ہوئے جنہوں نے نماز کو ضائع کیا اور دنیا کے مزے اڑانے میں لگ گئے ایسے لوگ عنقریب گمراہی کے انجام سے دو چار ہوں گے ۔ (سورہ مریم ، آیت نمبر 59) قیامت کے روز جہنمیوں کا ایک گروہ جہنم میں جانے کا ایک سبب یہ بیان کرے گا۔
(لَمْ نَكُ مِنَ الْمُصَلِّينَ )
یعنی ہم نماز نہیں پڑھتے تھے ۔ (سورہ مدثر ، آیت نمبر 43)

حالت امن ہو یا حالت خوف، گرمی ہو یا سردی ، تندرستی ہو یا بیماری حتی کہ جہاد و قتال کے موقع پر عین میدان جنگ میں بھی یہ فرض ساقط نہیں ہوتا۔ رسول اکرم صلعم پانچ فرض نمازوں کے علاوہ نماز تہجد ، نماز اشراق، نماز چاشت، تحیۃ الوضو اور تحیۃ المسجد کا بھی اہتمام فرماتے اور پھر خاص خاص مواقع پر اپنے رب کے حضور توبہ استغفار کے لئے نماز ہی کو ذریعہ بناتے۔ خسوف یا کسوف ہوتا تو مسجد تشریف لے جاتے ،زلزلہ یا آندھی آتی تو مسجد تشریف لے جاتے ۔ طوفان بادوباراں ہوتا تو مسجد تشریف لے جاتے ، فاقے کی نوبت آتی تو مسجد تشریف لے جاتے ، کوئی پریشانی اور تکلیف ہوتی تو مسجد تشریف لے جاتے ، سفر سے واپسی ہوتی تو پہلے مسجد تشریف لے جاتے پھر گھر پلٹتے۔

*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں اور ہمارے اہل عیال کو نماز کا پابند بنا دے۔

آمین یا رب العالمین

Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333