راشد ہدایت، قیادت، کردار اور کارکردگی کی روشن مثال تحریر: سلمان احمد قریشی
راشد ہدایت، قیادت، کردار اور کارکردگی کی روشن مثال
تحریر: سلمان احمد قریشی
ادارے افراد سے نہیں، اصولوں اور کارکردگی سے پہچانے جاتے ہیں۔ جب قیادت دیانت، اصول پسندی، اور عملی کارکردگی کا نمونہ ہو، تو نتائج خود بولنے لگتے ہیں۔ پولیس کا شعبہ خاص طور پر ایسا ہے جہاں محض بیانات، دعوے اور تصاویر سے نہیں بلکہ عملی اقدامات اور جرائم کی بیخ کنی سے کارکردگی جانچی جاتی ہے۔اوکاڑہ کے موجودہ ڈی پی او راشد ہدایت کی قیادت میں پولیس کا کردار ایک مثالی حیثیت اختیار کر رہا ہے۔ وہ ان افسران میں سے ہیں جو ستائش کے نہیں بلکہ کارکردگی کے طلبگار ہوتے ہیں۔ ان کا عزم ہے کہ جرائم کی روک تھام، عوام کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے۔اوکاڑہ پولیس نے ڈی پی او راشد ہدایت کی قیادت میں رواں سال کے پہلے ماہ میں ہی نمایاں کامیابیاں حاصل کِیں۔اعداد و شمار کے مطابق شہر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ 11 بڑے گینگز کے 34 ارکان گرفتار کیئے گئے اور 1 کروڑ 91 لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ جدید انٹیلیجنس آپریشنز، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، اور ڈیجیٹل فرانزک سے مجرموں تک پہنچنے کی رفتار میں اضافہ ہوا۔ اور 276 گولیاں برآمد کی گئیں۔منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہا۔ 139 ملزمان گرفتار، 68 کلو چرس، 1110 گرام ہیروئن، 1500 گرام افیون، اور 640 گرام آئس برآمد کی گئی۔
یہ اعداد و شمار محض نمبرز نہیں بلکہ ایک منظم حکمتِ عملی، سخت فیصلوں اور عملی اقدامات کا نتیجہ ہیں۔ ڈی پی او راشد ہدایت کی قیادت میں پولیس کا امیج مز ید بہتر ہوا ہے۔ڈی پی او اوکاڑہ نے شہر میں ایس او ایس ناکے، سرچ آپریشنز اور کرائم پاکِٹس پر موثر گشت کو یقینی بنایا۔ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت کی انتظامی صلاحیتیں اور انصاف پر مبنی فیصلے عوام میں اعتماد پیدا کر رہے ہیں۔ جرائم کی بیخ کِنی، قانون کی عملداری، اور عوامی فلاح کے لیئے ان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ وہ پولیسنگ کو محض ایک ذمہ داری نہیں بلکہ عوامی خدمت کا مشن سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی قیادت میں پولیس کا کردار مز ید موثر اور شفاف نظر آ رہا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ کی کارکردگی اس بات کی مثال ہے کہ جب نیت صاف اور ارادے مضبوط ہوں تو کسی بھی چیلنج کو کامیابی میں بدلا جا سکتا ہے۔ان کی قیادت میں پولیس کا امیج بہتر ہو رہا ہے اور عوام کو ایک ایسا محافظ میّسر ہے جو قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتا ہے۔
بطور صحافی ہمارا فرض ہے کہ جہاں غلطیوں کی نشاندہی کریں، وہیں اچھے اقدامات کو بھی سراہیں تاکہ ایک مثبت تبدیلی کی راہ ہموار ہو اصلاحی صحافت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ جہاں خامیوں کی نشاندہی کی جائے وہیں اچھے کاموں کو بھی سراہا جائے تاکہ مثبت رویوں کو فروغ ملے۔صحافت صرف تنقید کرنے کا نام نہیں بلکہ بہتری کی راہ دکھانا ہوتا ہے۔ ہم اسی سوچ اور جذبہ کو لے کر قلم و قرطاس کو امانت سمجھتے ہیں اور قلم کا حق ادا کرنے کی سعی ناتواں کرتے رہتے ہیں۔یہ کہنا بجا ہو گا کہ راشد ہدایت ستائش کے نہیں، بلکہ عملی نتائج کے طلبگار ہیں، اور یہی خوبی انہیں دوسروں سے ممتاز کرتی ہے۔ امید ہے کہ ان کی قیادت میں اوکاڑہ مزید محفوظ اور جرائم سے پاک شہر بنے گا۔ڈی پی او اوکاڑہ کی طرف سے کیے گئے اقدامات عوامی اعتماد کو بحال کرنے میں معاون ہیں۔ اوکاڑہ میں پولیس کی بڑھتی ہوئی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر قیادت ایماندار اور متحرک ہو، تو نظام میں بہتری ممکن ہے۔
قارئین کرام!یہ بھی ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ اسلامی تعلیمات اور نفسیات دونوں کے مطابق نام کا شخصیت پر اثر پڑتا ہے۔ اچھے نام انسان کی پہچان اور اس کے رویئے پر مثبت اثر ڈالتے ہیں جبکہ ناپسندیدہ یا بے معنی نام بعض اوقات نفسیاتی دباؤ یا شخصیت میں منفی اثرات پیدا کر سکتے ہیں۔ نبی اکرم ﷺ نے بعض صحابہؓ کے نام بھی تبدیل کیے۔ کیونکہ وہ نام یا تو ناپسندیدہ معنی رکھتے تھے یا ان کے اثرات منفی ہو سکتے تھے۔مسند احمد، حدیث 5114 ہے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے جثامہؓ کا نام بدل کر حُسنہؓ رکھ دیا اور فرمایا” نام کا بھی اثر ہوتا ہے”۔ ایک اور روایت میں آتا ہے کہ آپﷺ نے ایک شخص کا نام ”حزن” (اداسی) سے بدل کر ”سہل” (آسانی) کر دیا تاکہ اس پر نام کا اثر نہ ہو۔ (صحیح بخاری، حدیث 6190)
ماہرینِ نفسیات کے مطابق انسان کے نام کا اس کے رویئے اور خود اعتمادی پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مثبت اور خوبصورت نام والے افراد زیادہ خود اعتمادی اور خوش مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔اسلامی تعلیمات اور جدید نفسیاتی تحقیقات دونوں اس بات کی تائید کرتی ہیں کہ نام کا شخصیت پر اثر ہوتا ہے۔ اس لیئے نام رکھتے وقت اس کے معنی اور اثرات پر غور کرنا ضروری ہے تاکہ یہ انسان کی زندگی میں مثبت اثر ڈالے۔اچھے اور بامعنی نام رکھنے کا حکم اسلامی تعلیمات میں واضح طور پر موجود ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اچھے نام رکھنے کی ترغیب دی۔صحیح مسلم میں ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا”تم قیامت کے دن اپنے اور اپنے باپ کے نام سے پکارے جاؤ گے پس اپنے نام اچھے رکھو۔”(صحیح مسلم، حدیث 2132)۔ اسلام میں اچھے اور با معنی نام رکھنے کی تاکید کی گئی ہے کیونکہ نام انسان کی پہچان اور شخصیت کا حصہ ہوتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے ایسے نام رکھنے کی ہدایت فرمائی جو اچھے معانی رکھتے ہوں اور جن سے مثبت اثرات مرتب ہوں۔
اوکاڑہ کے موجودہ ڈی پی او راشد ہدایت ہیں۔ راشد ایک عربی لفظ ہے جس کا مطلب ہے ”ہدایت یافتہ”، ”سیدھے راستے پر چلنے والا” یا ”عقل مند”۔ یہ نام عام طور پر ان افراد کے لیئے استعمال ہوتا ہے جو دانشمند، نیک سیرت اور صحیح فیصلے کرنے والے ہوں۔ ہدایت کا مطلب ہے”رہنمائی”، ”صحیح راستہ دکھانا” یا ”سیدھے راستے پر چلنے کی نصیحت”۔ یہ لفظ اکثر سچائی، روشنی، اور صحیح فیصلے کی علامت کے طور پر استعمال ہوتا ہے خاص طور پر دینی اور اخلاقی پس منظر میں۔
ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت، اپنی بہترین کارکردگی اور مثالی اخلاقیات کی وجہ سے ایک قابلِ احترام پولیس آفیسر ہیں۔ وہ ستائش کے محتاج نہیں بلکہ اپنی محنت، دیانت اور لگن سے عوام کے دلوں میں عزت کماتے ہیں۔ حقیقی قیادت کا جوہر یہی ہوتا ہے کہ وہ شور مچانے کے بجائے خاموشی سے کام کرے اور نتائج خود بولیں۔ہم یہ لکھنے میں حق بجانب ہیں کہ راشد ہدایت نام اپنے اندر ”ہدایت یافتہ قیادت” کا مفہوم سموئے ہوئے ہے اور ان کی کارکردگی اس نام کا عملی عکس معلوم ہوتی ہے۔