*پورے دن کی بارہ رکعت سنتوں کی فضیلت:* اتوار 19 جنوری 2025 انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*پورے دن کی بارہ رکعت سنتوں کی فضیلت:*
اتوار 19 جنوری 2025
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
سنت نمازوں کی فضیلت بیان کرتے ہوئے ام المؤمنین حضرت امِّ حبیبہ رضی اﷲ عنہا روایت کرتی ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
’’جس شخص نے دن اور رات میں (فرائض کے علاوہ) بارہ رکعات ادا کیں تو اس کے لیے جنت میں مکان بنایا جائے گا۔ (ان سنتوں کی تفصیل یہ ہے : ) چار رکعت ظہر سے پہلے اور دو رکعت ظہر کے بعد، دو رکعت مغرب کے بعد، دو رکعت عشاء کے بعد اور دو رکعت نمازِ فجر سے پہلے۔‘‘
ترمذی، السنن، کتاب الصلاة، باب ما جاء فيمن صلی فی يوم وليلة ثنتی عشرة رکعة من السنة، 1 : 440، رقم : 415
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص دن اور رات میں بارہ رکعتوں پر مداومت اختیار کرے تو وہ جنت میں داخل کر دیا جائے گا، فجر سے پہلے دو رکعتیں, چار رکعتیں ظہر سے پہلے اور دو بعد میں اور مغرب کے بعد دو رکعتیں اور عشاء کے بعد دو رکعتیں ۔ سنن النسائی: ۱۷۹۵، ابن ماجہ: ۲۱۴، الترمذی :۴۱۴
امی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا، بیان کرتی ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا : فجر کی دو رکعتیں دنیا و مافیہا سے بہتر ہیں۔ مسلم:۷۶۵
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے ہی مروی ہے کہ نبی ﷺ جس قدر (خصوصی) اہتمام فجر کی دو سنتوں کا کرتے تھے اتنا کسی اور نفلی نماز کا نہیں کرتے تھے۔ بخاری:۱۱۶۹ ، مسلم : ۷۲۴
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ : نبی ﷺ چار رکعتیں ظہر سے پہلے اور دو رکعتیں (سنتیں ) فجر سے پہلے کبھی نہ چھوڑتے تھے۔ بخاری:۱۱۸۲
سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ عنہا، نبی ﷺ کی بیوی کہتی ہیں: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپ فرما رہے تھے: جس شخص نے ظہر سے پہلے اور اس کے بعد چار رکعات (سنتوں) پر مواظبت اختیار کی تو اللہ اس پر جہنم کی آگ کو حرام کر دے گا۔ ابو داؤد : ۱۲۶۹، نسائی: ۱۸۱۷، ترمذی: ۴۲۷ .
سیدنا ابو ذر رضی اللہ عنہ، بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: تم میں سے ہر کوئی اس حال میں صبح کرتا ہے کہ ہر جوڑ پر صدقہ ضروری ہوتا ہے۔ پس ہر تسبیح(سُبْحَانَ اللہِ کہنا) صدقہ ہے،ہر تمحید(اَلْحَمْدُلِلہِ کہنا) صدقہ ہے، ہر تہلیل(لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہُ کہنا) صدقہ ہے اور ہر تکبیر (اللہ اکبر کہنا) صدقہ ہے، نیکی کا حکم دینا صدقہ ہے اور برائی سے روکنا صدقہ ہے اور جو چاشت کی دو رکعتیں ادا کرتا ہے اسے ان سب کے مقابلے میں یہی دو رکعتیں
کافی ہیں۔ مسلم : ۷۲۰
پنجوقہ نمازوں میں فرض کے علاوہ سنت نمازیں بھی ادا کی جاتی ہیں، جن کی فضیلت اور ثواب کا ذکر احادیث میں ملتا ہے۔ ام المؤمنین حضرت سیدہ ام حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’فرض کے علاوہ جو شخص بارہ رکعتیں دن رات میں پڑھا کرتا ہے، اس کے لئے ایک گھر جنت میں بنادیا جاتا ہے‘‘۔ (مسلم)
ام المؤمنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’صبح کی دو سنتیں دُنیا اور جو کچھ دُنیا میں ہے، ان سے بہتر ہیں‘‘۔ (مسلم و ترمذی)
ام المؤمنین حضرت ام حبیبہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ظہر کے فرض سے پہلے جو شخص چار رکعتیں پڑھا کرتا ہے تو اس شخص پر دوزخ کی آگ حرام کردی جاتی ہے‘‘۔ (ابوداؤد و ترمذی)
حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ظہر سے قبل کی (چار) رکعتوں کا ثواب ایسا ہی ہے، جیسے تہجد کی نماز کا ثواب‘‘۔ (طبرانی)
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’عصر سے پہلے چار رکعت پڑھنے والوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رحمت کی دُعا دی ہے‘‘۔ (ابوداؤد و ترمذی)
مغرب اور عشاء کی دو دو سنتوں کا ثواب بھی بہت ہے، اللہ تعالیٰ ان سنتوں کے پڑھنے والوں کا گھر جنت میں بنائے گا۔ علاوہ ازیں مغرب کے بعد چھ رکعت نماز اوابین (نفل) کا ذکر بھی حدیث شریف میں ہے۔
سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: مجھے میرے حبیب ﷺ نے تین چیزوں کے بارے میں وصیت کی ہے جب تک جیتا رہا ان کو کبھی نہ چھوڑوں گا۔ ہر مہینے میں تین روزے، چاشت کی نماز اور سونے سے پہلے وتر کی ادائیگی۔ مسلم:۷۲۲
اللَّهُمَّ أَعِنِّي عَلَى ذِكْرِكَ، وَشُكْرِكَ، وَحُسْنِ عِبَادَتِكَ
اے اللہ! میری مدد کر، اپنے ذکر پر اپنے شکر پر اور اپنی بہترین عبادت پر۔
اسنادہ صحیح، سنن ابی داؤد:1522،سنن نسائی:1302
*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنتوں پر عمل کرنے والا بنا دے۔
آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333