نادرا دفتر ظاہر پیر: کرپشن، بدانتظامی اور عوام کی تذلیل عروج پر
نادرا دفتر ظاہر پیر: کرپشن، بدانتظامی اور عوام کی تذلیل عروج پر
ظاہر پیر میں نادرا کے دفتر میں شناختی کارڈ بنوانا عوام کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ دفتر میں موجود عملے کا رویہ نہایت غیر مہذب اور دھمکی آمیز ہے۔ عوام کو گھنٹوں لائن میں کھڑا رہنے پر مجبور کیا جاتا ہے جبکہ بااثر اور سفارش یافتہ افراد بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی درخواستیں جمع کروا لیتے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ ٹوکن کا اجرا عملے کی من مانی پر منحصر ہے۔ عام شہریوں کو گھنٹوں انتظار کے بعد بھی ٹوکن نہیں دیا جاتا جبکہ مخصوص افراد کو اندر لے جا کر فوراً خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ ایک گہری تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ جمعہ کے روز صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک محض 30 ٹوکن جاری کیے گئے، جبکہ اسی دن دوپہر کے بعد دو گھنٹوں میں 100 ٹوکن جاری کیے گئے۔
دفتر کے پانچ کاونٹر اور وافر عملہ ہونے کے باوجود عوام کو سروس فراہم کرنے میں غیر ضروری تاخیر کی جاتی ہے۔ عوامی شکایات کے مطابق عملہ بلاوجہ اعتراضات لگا کر درخواستوں کو مسترد کرتا ہے، جس سے عوام کو دوبارہ لائن میں لگنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
ایک واقعے میں ایک تعلیم یافتہ خاتون، جو ایم اے اور ایم ایڈ کی ڈگریاں رکھتی ہیں، اپنے شناختی کارڈ کی تاریخ پیدائش کی تبدیلی کے لیے دفتر آئیں۔ مکمل دستاویزات پیش کرنے کے باوجود عملے نے تلخ رویہ اختیار کیا اور اعتراضات لگا کر خاتون کو واپس بھیج دیا۔ تاہم، مسلسل جدوجہد اور اپنے رشتہ داروں کی مدد سے وہ فارم جمع کرانے میں کامیاب ہو گئیں۔
عوامی حلقوں نے نادرا کے عملے کے اس رویے کی شدید مذمت کی ہے اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دفتر کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عام شہریوں کو ان کے حقوق حاصل ہو سکیں۔