حافظ جنرل عاصم منیر کی نڈر قیادت: دہشتگردی کے خاتمے کا عزم پشاور (سید گوہر شاہ )
حافظ جنرل عاصم منیر کی نڈر قیادت: دہشتگردی کے خاتمے کا عزم
پشاور (سید گوہر شاہ )
آرمی چیف حافظ جنرل عاصم منیر کی بے باک اور نڈر قیادت میں دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ ایک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ روز کے دورہ پشاور کے دوران، آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے خلاف جاری کارروائیوں کو انجام تک پہنچانے کے عزم کو دہرایا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
دورہ پشاور کے دوران آرمی چیف نے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے جاری آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاک فوج، پولیس اور دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی کہ وہ سرحد کے اندر اور باہر موجود دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کر رہے ہیں۔ یہ بیان نہ صرف دشمن کے لیے ایک سخت پیغام تھا بلکہ جوانوں کے حوصلے بلند کرنے کا بھی باعث بنا۔
آرمی چیف کی جانب سے خیبرپختونخوا کی سیاسی قیادت، بشمول وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقاتوں میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی صرف اس صورت میں ممکن ہے جب پوری قوم ایک آواز ہو۔ انہوں نے اس جنگ کو ہر محاذ پر جیتنے کے لیے قومی اتحاد اور عوامی حمایت کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے فتنہ الخوارج کے خلاف نبرد آزما پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خصوصی طور پر سراہا اور ان کے عزم و ہمت کو خراج تحسین پیش کیا۔ یہ قدم نہ صرف جوانوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے ایک احسن اقدام ہے بلکہ ان کی قربانیوں کو بھی دنیا کے سامنے نمایاں کرتا ہے۔
آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت دہشتگردی کے خلاف جنگ کے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان کا دوٹوک پیغام ہے کہ دشمن چاہے اندرون ملک ہو یا سرحد پار، اس کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔