November 16, 2026

اپنا ملک سنوارو تحریر: حاجی مظہر اقبال گوندل پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، جو قدرتی وسائل، عظیم ثقافت اور باصلاحیت لوگوں سے مالامال ہے

IMG-20250114-WA0130

اپنا ملک سنوارو
تحریر: حاجی مظہر اقبال گوندل
پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، جو قدرتی وسائل، عظیم ثقافت اور باصلاحیت لوگوں سے مالامال ہے۔ لیکن آج ہم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت نے ہمارے سماج کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ یہ مسائل صرف حکومتی اقدامات سے حل نہیں ہو سکتے، ہمیں بحیثیت قوم اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔
منڈی بہاءالدین کے اوورسیز پاکستانی ہمارے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ یہ لوگ اپنی محنت کی کمائی کو اپنے آبائی علاقوں کی بہتری کے لیے وقف کر رہے ہیں۔ یہ ویلفیئر سوسائٹیاں بنا کر اپنے گاؤں اور دیہاتوں میں ترقیاتی کام کر رہے ہیں۔ ان کے اقدامات جیسے کہ فلٹریشن پلانٹ لگوانا، صفائی ستھرائی کا بندوبست کرنا، اور دیگر سہولیات فراہم کرنا، بلاشبہ قابلِ تعریف ہیں۔ یہ نہ صرف اپنے علاقوں کی حالت بدل رہے ہیں، بلکہ اپنے عمل سے ثابت کر رہے ہیں کہ حقیقی ترقی کا راز خود انحصاری اور اجتماعی کوشش میں ہے۔
لیکن میرے دل میں ایک اور خواب ہے،آپ سب سے ایک اور درخواست ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ یہ اوورسیز پاکستانی اپنے دیہات سے ہر ماہ کم از کم ایک غریب شخص کو بیرون ملک لے کر جائیں۔ یہ ایک ایسا قدم ہوگا جو نہ صرف ایک شخص کی تقدیر بدل سکتا ہے، بلکہ پورے گاؤں کی معیشت کو بھی مثبت انداز میں متاثر کرے گا۔
ذرا تصور کریں، اگر ہر گاؤں سے ایک غریب شخص بیرون ملک جا کر روزگار حاصل کرے، تو وہ اپنی کمائی اپنے خاندان کے لیے بھیجے گا۔ وہ خاندان اپنی ضروریات پوری کرے گا، اپنے بچوں کی تعلیم کا بندوبست کرے گا، اور زندگی کے معیار کو بہتر بنائے گا۔ جب ایک خاندان بہتر ہوگا تو پورے گاؤں کی حالت بدلے گی، اور یوں ایک گاؤں سے شروع ہونے والی یہ لہر پورے ملک میں تبدیلی لے آئے گی۔اس طرح ہر ماہ ایک ایک بندہ کر کے پورے گاوں کے لوگ خوشحال ہو جائیں گے۔
یہ کوئی چھوٹا قدم نہیں ہوگا۔ یہ ایک طویل مدتی حکمت عملی ہے، جو وقت کے ساتھ ہمارے ملک کی معیشت کو مضبوط کرے گی۔ یہ غربت کے خاتمے کا ایک ایسا حل ہے، جو خود مختاری اور عزتِ نفس پر مبنی ہے۔
میں جانتا ہوں کہ یہ آسان کام نہیں ہے۔ بیرون ملک کسی کو لے جانا، اس کے لیے روزگار کا بندوبست کرنا اور قانونی تقاضے پورے کرنا، ایک مشکل اور مہنگا عمل ہے۔ لیکن اگر ہم مل کر کام کریں، تو کوئی بھی کام ناممکن نہیں۔
آئیے، ہم سب مل کر عہد کریں کہ ہم اپنے ملک کو سنوارنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔ جو اوورسیز پاکستانی پہلے سے یہ عظیم کام کر رہے ہیں، انہیں ہمارا سلام۔ لیکن ساتھ ہی میں درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے ویژن کو مزید وسعت دیں۔ یہ ملک ہمارا ہے، اور اسے سنوارنا ہماری ذمہ داری ہے۔اس ملک کے غریب لوگ بھی ہمارے ہیں۔ان کو خوشحالی کی طرف لے کر جانا بھی ہماری ذمہ داری ہونی چاہیے۔
یہ ملک بدلے گا، لیکن تب، جب ہم خود کو بدلیں گے۔ اپنے دیہاتوں کو بدلیں گے، اپنے ارد گرد کے لوگوں کی مدد کریں گے، اور اجتماعی ترقی کا خواب دیکھیں گے۔ یہ وقت ہے کہ ہم سب مل کر اپنے ملک کو اس مقام پر لے جائیں، جہاں دنیا ہمارے لیے مثال دے۔
آئیں، ایک قدم آگے بڑھائیں، ایک زندگی سنواریں، اور اس ملک کے غریبوں کی حالت سنوارنے کی بنیاد رکھیں۔