November 16, 2026

چھٹیاں حل نہیں چھٹیوں کا حل نکالئے ازقلم غنی محمود قصوری

IMG-20241121-WA0202

چھٹیاں حل نہیں چھٹیوں کا حل نکالئے

ازقلم غنی محمود قصوری

اس وقت صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع شدید سموگ کی لپٹ میں ہیں جس کی بدولت سمارٹ لاک ڈاؤن ہے اور بچوں کو سکول سے چھٹیاں ہیں یہ چھٹیاں 24 نومبر تک تھی جنہیں موسم میں بہتری کے باعث ختم کر دیا گیا ہے اور سکول لاہور ملتان کے علاوہ دیگر اضلاع میں تعلیم کیلئے سکول کھول دیئے گئے ہیں کیونکہ لاہور اور ملتان میں سموگ کی شدت زیادہ ہے اس لئے وہاں سکول بدستور بند ہیں

ایک سال میں 365 دن ہوتے ہیں جبکہ 52 ہفتے ہوتے ہیں
اس وقت پاکستان کے سرکاری سکولوں میں ہفتہ اور اتوار کی سرکاری چھٹی ہوتی ہے
یعنی ایک سال میں بچوں کو 104 چھٹیاں سرکاری ہیں اس کے علاوہ 90 دن کی چھٹیاں پنجاب میں گرمیوں کی ہوتی ہیں مذید دسمبر میں 10 چھٹیاں ہوتی ہیں اس کے علاوہ ہر ضلع میں تقریباً 1 سرکاری چھٹی سالانہ ہوتی ہے جو کہ کسی عرس، تقریب وغیرہ پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دی جاتی ہے
اس سب کے علاوہ بچوں کی صحت کے لحاظ سے کم از کم دو ماہ بعد ایک بچہ بوجہ بیماری بھی چھٹی کرتا ہے
نیز اس کے علاوہ بھی معاشرتی طرز زندگی کیلئے شادی بیاہ،فوتگی و دیگر امور کے باعث بھی چھٹی کرنی پڑتی ہے
اگر جنرل طور پر دیکھا جائے تو سرکاری سکول کے بچے 365 دنوں میں سے بغیر کسی ناغے کے 160 دن سکول جاتے ہیں اگر بیماری و دیگر چھٹیوں کو ڈال لیا جائے تو بمشکل 150 دن بنتے ہیں ان میں سے اگر بیماری و دیگر چھٹیوں کو بھی شامل کر لیا جائے تو سرکاری سکولوں کے بچے محض 150 دن ہی بمشکل سکول جاتے ہیں
جبکہ اس کے برعکس پرائیویٹ سکولوں میں ہفتہ کی صرف ایک چھٹی اتوار کو ہوتی ہے نیز سخت گرمی میں بھی باوجود گورنمنٹ کے حکم کے بچوں کو سادی کپڑوں میں سکول آنے کا پابند کیا جاتا ہے اور اسے اکیڈمی ٹائم کا نام دے کر پڑھایا جاتا ہے
یعنی سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کی چھٹیوں میں زمین و آسمان سا فرق ہے
جس کے باعث بیشتر ماں باپ نا چاہتے ہوئے بھی اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکولوں میں پڑھاتے ہیں تاکہ ان کے جگر کے ٹکڑے حصول تعلیم بغیر ناغے کے جاری رکھیں بیشتر غریب ماں باپ بھی بہت تنگدستی میں قرض اٹھا کر اور اپنے کھانے پینے کے اخراجات کم کرکے اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکولوں میں پڑھانے پر مجبور ہیں جس کی وجہ آئے روز کی چھٹیاں ہی ہیں
ہمارے ہاں مسئلہ یہ ہے کہ ہم ہر چیز کا شارٹ کٹ اور عارضی حل نکالتے ہیں مستقبل حل نہیں نکالتے جس کے باعث مسائل کم نہیں ہوتے بلکہ بڑھتے ہیں
پہلے موسم گرما و سرما کی چھٹیاں تھیں اب چند سالوں سے سموگ کی چھٹیاں الگ سے ہونے لگی ہیں

ہم بات شروع کرتے ہیں موسم گرما کی چھٹیوں کی
اگر بچوں کو 90 دن چھٹیاں کروانے کی بجائے ان دنوں صبح فجر کے بعد سکول ٹائم کو شروع کیا جائے اور ہر کلاس روم کو یو پی ایس و سولر سسٹم سے روم کولرز و ائیر کنڈیشنر سے ہوا دار کرکے ٹمپریچر لیول کنٹرول کیا جائے تو میرے خیال سے چھٹیاں کروانے کی نوبت ہی نا آئے گی
سوچا جائے تو اگر ہمارے ملک میں ایک 16 سکیل کے اکیلے آفیسر کے کمرے میں 2 ٹن کا اے سی چلتا ہے تو کیا وہاں 70 بچوں کی کلاس میں 3 ماہ ایک اے سی چلا کر بچوں کی پڑھائی کو جاری نہیں رکھا جا سکتا؟
اسی طرح ہفتہ میں دو چھٹیوں کی سمجھ آج دن تک کسی کو نہیں آئی کہ اس میں کیا حکمت ہے اگر اس میں اتنی ہی خیر ہے تو پھر پرائیویٹ سکولوں میں ہر ہفتے دو چھٹیاں کیوں نہیں کروائی جاتیں؟
ان دنوں سموگ کی چھٹیوں کو دیکھا جائے تو سموگ سے بچاؤ کی خاطر چھٹیاں کروا کر بچے گھروں میں قطعاً سموگ سے نہیں بچتے کیونکہ ہمارے ہاں سرکاری سکول کشادہ اور ہوا دار ہیں جبکہ اس مہنگائی کے دور میں سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے والدین کے پاس رہنے کو چھوٹے چھوٹے مکان ہیں جن میں درخت نا ہونے کے برابر ہیں جبکہ اس کے برعکس ہر سرکاری دفتر میں وافر مقدار میں درخت موجود ہوتے ہیں جو ماحول کو آلودہ ہونے سے بچاتے ہیں
ہر سال سموگ سے بچاؤ کی خاطر چھٹیاں تو کی جاتی ہیں مگر سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے تدابیر نہیں کی جاتیں
جہاں سموگ سے بچنا ان بچوں کیلئے ضروری ہے وہاں 60 سال سے زائد عمر کے اس مزدور کے لئے بھی بچنا اتنا ہی ضروری ہے کہ جس کا لخت جگر اس کی دن رات کی کمائی سے سکول پڑھنے جاتا ہے
سموگ سے 16 سالہ میٹرک کا طالب علم تو بچنے کے طریقے جانتا ہے مگر اس کا 60 سے 70 سالہ بوڑھا اور کمزور باپ نہیں جانتا کہ کس طرح سموگ سے بچنا ہے وہ ہر چیز کی پرواہ کئے بغیر اپنے بچوں کی روزی روٹی اور تعلیم کی خاطر مزدوری کرتا ہے
اگر ریاست کا فرض سموگ سے ان بچوں کو بچانا ہے تو پھر ان بزرگوں کو سموگ سے بچانا بھی ریاست کا فرض ہے سو اس لئے ضروری ہے کہ سموگ کی چھٹیاں کروانے کی بجائے سموگ کے بننے کے عمل کو روکا جائے
اگر دیکھا جائے تو سموگ پھیلانے میں پنجاب اربن یونٹ لاہور کی رپورٹ کے مطابق
دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں فضائی آلودگی پھیلانے میں سب سے آگے ہیں
یعنی کہ شعبہ ٹرانسپورٹ کا فضائی آلودگی پھیلانے میں 83.15 فیصد کردار ہے اسی طرح صنعتی سرگرمیاں سموگ پھیلانے میں دوسرے نمبر پر ہیں یعنی انڈسٹریز کے دھوئیں کا سموگ میں حصہ 9.07 فیصد ہے
اسی طرح فضائی آلودگی پھیلانے میں زرعی فضلہ جلانے کا کردار 3.9 فیصد ہے اور
کچرا جلانے کا حصہ سموگ میں 3.6 فیصد ہے
کمرشل عمارتوں کی سرگرمیوں کا فضائی آلودگی میں کردار 0.14 فیصد ہے
اور گھریلو سرگرمیاں 0.11 فیصد فضائی آلودگی یعنی سموگ میں حصہ ڈالتی ہیں
یعنی کہ قصہ مختصر سموگ کی چھٹیوں کو ختم کرکے سموگ کے دن شروع ہونے سے پہلے ہی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے دھوئیں پر کنٹرول کیا جائے
کچرا جلانے پر پابندی لگائی جائے اور لوگوں میں نجی سواری کی بجائے مشترکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے پر آگاہی دی جائے
نیز سموگ سے بچاؤ کیلئے گھر سے باہر نکلتے فیس ماسک لازم قرار دیا جائے
کارخانوں کے دھوئیں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی سے کم آلودہ کیا جائے جس طرح بھٹہ خشت پر زگ زیگ سسٹم لازم ہے اسی طرح انڈسٹری میں بھی زگ زیگ کے بغیر انڈسٹری چلانے پر جرمانے کئے جائیں
ٹرانسپورٹ کو شمسی و بیٹری سسٹم پر منتقل کیا جائے تاکہ دھواں کم سے کم بنے
سوچنے کی بات ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سموگ سے متاثرہ لوگوں کی تعداد نا ہونے کے برابر ہے جبکہ دوسرے بڑے شہر لاہور میں سب سے زیادہ
حالانکہ آبادی و صنعتی لحاظ سے کراچی بہت بڑا شہر ہے اور لاہور اس سے چھوٹا تو پھر کچھ تو کمی کوتاہی ہے نا کہ بڑا شہر سموگ سے متاثر نہیں اور اس سے چھوٹا شہر متاثر ہے
گورنمنٹ کو چائیے کہ چھٹیاں ختم کرکے چھٹیوں کا حل نکالے تاکہ بچوں کے والدین سرکاری سکولوں پر اعتماد اور یقین کریں بجائے پرائیویٹ سکولوں کے پڑھانے کے اپنے بچے سرکاری سکولوں میں پڑھائیں