November 16, 2026

تحریک انصاف اپنا سیاسی کیس آرمی چیف کے سامنے پیش کرے گی ( سپیڈ بریکر ،میاں حبیب ) سیاسی معاملات کی گرد سموگ کی طرح بیٹھنے کا نام ہی نہیں لے رہی جس طرح آلودگی کے باعث دھرتی کو بخار چڑھا ہوا ہے اور وہ ہر ذی جان کو متاثر کر رہی ہے سانس بھی صیح طرح سے نہیں لینے دے رہی اور اس سموگ نے جانداروں کے لیے

IMG-20241119-WA0161

تحریک انصاف اپنا سیاسی کیس آرمی چیف کے سامنے پیش کرے گی ( سپیڈ بریکر ،میاں حبیب ) سیاسی معاملات کی گرد سموگ کی طرح بیٹھنے کا نام ہی نہیں لے رہی جس طرح آلودگی کے باعث دھرتی کو بخار چڑھا ہوا ہے اور وہ ہر ذی جان کو متاثر کر رہی ہے سانس بھی صیح طرح سے نہیں لینے دے رہی اور اس سموگ نے جانداروں کے لیے کئی مسائل کھڑے کر دیے ہیں انسانی زندگی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں اسی طرح سیاسی سموگ نے بھی ہر چیز تتر بتر کر کے رکھ دی ہے اور صیح پوچھیں تو عوام اس سیاسی سموگ سے نکو نک آ چکے ہیں حکومت اس سیاسی سموگ کو قابو کرنے کے لیے کئی بار مصنوعی بارش برسا چکی طرح طرح کے لاک ڈاون کرکے دیکھ لیے گرفتاریاں آنسو گیس لاٹھی چارج مقدمات کی بھرمار اختلافات کوئی بھی کوشش کارگر ثابت نہیں ہو رہی اب بات مرو یا مارو کی طرف جا رہی ہے اور آخری معرکے کے لیے کفن باندھ کر آنے کی باتیں کی جا رہی ہیں اگر تحریک انصاف کے ورکرز حکومتی رکاوٹیں توڑ کر اسلام آباد پہنچ گئے تو پھر ان کو وہاں سے اٹھانا آسان کام نہ ہوگا پھر صبح شام دھرنا ڈسکس ہو گا اگر تحریک انصاف کے ورکرزکو اسلام آباد میں نہ بھی داخل ہونے دیا گیا تو وہ اسلام آباد کے باہر ہی پڑاو ڈال لیتے ہیں تو ایسی صورت میں بھی وہ حکومت کے لیے درد سر بن جائیں گے وہ پوری دنیا کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے حکومت کے پاس ایک ہی راستہ بچتا ہے کہ وہ حکومتی فورسز کی احتجاجیوں کے ساتھ ہتھ جوڑی کروانے کی بجائے کوئی بات چیت کا راستہ نکالیں اس حوالے سے جو نئی بات سامنے آئی ہے کہ ایپکس کمیٹی کا فورم جو کہ دہشتگردی پر قابو پانے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا جس میں ملک کے تمام بڑے بیٹھ کر صلاح مشورے اور فیصلے کرتے ہیں اس ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج وزیراعظم کی سربراہی میں ہو رہا ہے جس میں آرمی چیف ڈی جی آئی ایس آئی دیگر ایجنسیوں کے سربراہان وزیر داخلہ چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ بھی شرکت کر رہے ہیں آج کا ہونے والا یہ اجلاس روایات سے تھوڑا ہٹ کر ہو گآ تحریک انصاف نے پہلی بار آرمی چیف کے سامنے اتنے بڑے فورم پر اپنا سیاسی کیس پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے وزیر اعلی خیبرپختونخوا ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرکے جہاں دہشتگردی کے حوالے سے اپنے صوبے کا کیس پیش کریں گے کیونکہ ان کا صوبہ دہشتگردی سے سب سے متاثرہ علاقہ ہے اور وہاں پبلک کے تعاون کے بغیر دہشتگردی پر قابو پانا ناممکن ہے اس لیے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو ہر صورت علی امین گنڈاپور کو اعتماد میں لینا پڑتا ہے علی امین گنڈاپور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں اس سے قبل وہ جلسوں کی اِجازت حاصل کرنے کا ہدف حاصل کر چکے ہیں تحریک انصاف علی امین گنڈا پور کے ذریعے اپنا کیس آج آرمی چیف کے سامنے رکھے گی وزیراعظم بھی وہاں موجود ہوں گے وہ پرامن احتجاج کی اجازت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے یا پھر بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دلوانے کے لیے کوئی راہ نکالنے کی طرف مائل کریں گے اگر کوئی بات چیت کا راستہ نکلتا ہے تو پھر 24 نومبر کو ہونے والا احتجاج ملتوی بھی ہو سکتا ہے اگر حکومت اور ادارے انتشار کو کم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو انھیں کوئی نہ کوئی دلاسہ دینا ہو گا اور اگر اس میٹنگ میں علی امین کو خاموش کروا دیا گیا تو پھر لڑائی بڑھنے کا امکان ہے دوسری جانب اس وقت بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی رہائی بھی بہت اہمیت کی حامل ہے حکومت کو پتہ تھا کہ تحریک انصاف نئے احتجاج کے لیے پر تول رہی ہے ایسے میں بشری بی بی کی رہائی بہت اہم ہے حکومت اگر چاہتی تو وہ کسی بھی مقدمہ میں انھیں دوبارہ گرفتار کر سکتی تھی حکومت نے اپنی طرف سے پارٹی میں گروپ بندی کے لیے بشری بی بی کو آذاد کیا ہے ان کا خیال تھا کہ بشری کی اپنی نندوں کے خلاف چپقلش شروع ہو جائے گی نندوں کا علحیدہ گروپ بن جائے گا بشری بی بی کا علیحدہ گروپ بن جائے گا لیکن بانی کی بہنیں تو بشری کی سرگرمیوں پر خاموش ہیں پاکستان میں ہم نے دیکھا کہ یہاں ورکرز سیاسی قائدین کے اہل خانہ کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں میاں نواز شریف جب گرفتار ہوئے تو بیگم کلثوم نواز نے تحریک چلائی ذوالفقار علی بھٹو کی گرفتاری پر بے نظیر بھٹو کو سامنے آنا پڑا رانا ثناءاللہ کا کیس ان کی اہلیہ نے لڑا فواد چوہدری کا کیس حبہ نے لڑا بشری بی بی اگر پردے میں رہ کر لیڈ کرتی ہیں تو تحریک زیادہ موثر ہو سکتی ہے بعض حلقے تو یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے کہ جس طرح انھوں نے مصنوعی بارش برسا کر سموگ کے اثرات کو کم کیا ہے اسی طرح سیاسی حالات کو بھی نارمل کیا جائے لیکن حکومت کی خواہش ہے کہ اگر تحریک انصاف کو ہلکی سی بھی چھوٹ دی گئی تو یہ قابو سے باہر ہو جائیں گے اس لیے ان کو قابو میں رکھا جائے ہر آنے والے دن میں ان کو دیوار کے ساتھ لگا دیا جائے بلکہ چپکا دیا جائے یاچنوا دیا جائے بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں باہر پارٹی میں گروپ بندی کروا کر انھیں آپس میں مصروف رکھا جائے اور ہمیں وقت پورا کرنے دیا جائے خیال رہے کہ ابھی حکومت کو قائم ہوئے آٹھ نو ماہ ہوئے ہیں حکومتوں کے ابتدائی ایام ہنی مون پریڈ ہوا کرتے ہیں لیکن یہ ہنی مون پریڈ میں ہی ایسے مسائل کا شکار ہے جس کے آگے بس۔۔۔۔۔۔۔؟ ہوتا ہے حکومت کی بس ایک ہی خواہش یے کہ کسی طرح تحریک انصاف کو اگلے انتخابات تک خاموش رہنے پر قائل کر لیا جائے جبکہ تحریک انصاف کی خواہش ہے کہ انھیں صرف فری ہینڈ دے دیا جائے باقی پھر وہ دیکھیں کیا ہوتا ہے حقیقت یہ ہے کہ ہر فریق اپنی انتہا پر کھڑا ہے اور ملک سفر کر رہا ہے عوام رینک رینک کر جی رہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام فریقین میں ایک نیا معاہدہ ہونا چاہیے ہر کوئی ایک ایک دو دو قدم پیچھے ہٹے اور معاملات کو احسن طریقے سے چلایا جائے مثال کے طور پر حکومت کو دو اڑھائی سال بعد الیکشن پر راضی کیا جائے تحریک انصاف کو احتجاجی سیاست ختم کرکے تعاون پر آمادہ کیا جائے اداروں کی بےجا مداخلت روکی جائے عدالتوں کو مانیٹری رول دے کر ہر ایک کو اپنی اپنی حدود میں رہنے کا پابند بنایا جائے تو سیاسی معاشی اور معاشرتی استحکام آ سکتا ہے