بیو رو چیف و ہا ڑ ی . مدارس کو رجسٹریشن کے لیے کسی ایک طریقۂ کار پر مجبور کرنا درست نہیں، طے شدہ معاہدے پر عمل کیا جائے: مولانا قاری محمد حنیف جالندھری
بیو رو چیف و ہا ڑ ی . مدارس کو رجسٹریشن کے لیے کسی ایک طریقۂ کار پر مجبور کرنا درست نہیں، طے شدہ معاہدے پر عمل کیا جائے: مولانا قاری محمد حنیف جالندھری
قائد وفاق المدارس العربیہ پاکستان آیت الخیر مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ دینی مدارس کو اپنی مرضی کے مطابق رجسٹریشن کروانے کا اختیار حاصل ہے، انہیں ڈی جی آر ای کے تحت رجسٹریشن پر مجبور کرنا طے شدہ معاہدے کے منافی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار مرکزی دارالعمل خانقاہ نظامیہ میلسی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے حکومت کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ مدارس کو اختیار ہوگا کہ وہ چاہیں تو سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہوں یا وفاقی وزارتِ تعلیم میں قائم شعبہ ڈی جی آر ای کے تحت اپنی رجسٹریشن کروائیں۔ تاہم حکومت پنجاب کی جانب سے مختلف اضلاع میں مدارس کو ڈی جی آر ای کے تحت رجسٹریشن کروانے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جو غیر قانونی اور طے شدہ معاہدے کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کو چاہیے کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام کو طے شدہ فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے تاکہ اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مدارس کو رجسٹریشن سے کبھی کوئی اختلاف نہیں رہا بلکہ اختلاف صرف رجسٹریشن کے طریقۂ کار پر ہے، کیونکہ رجسٹریشن خود دینی مدارس کا مطالبہ ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت مذاکرات میں طے پانے والے فیصلے پر عمل درآمد کرے اور مدارس کو اپنی مرضی کے مطابق رجسٹریشن کا اختیار دیا جائے۔
اس موقع پر مولانا ثناء اللہ، پیر عطاء اللہ نقشبندی، قاری ذکاء اللہ مسعود الحسینی، پیر فضل الرحمن نقشبندی، حکیم ضیاء اللہ، سٹی پریس کلب کے سی ای او چیئرمین محمد بلال نظامی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز شخصیات اور علاقہ بھر کے معززین بھی موجود تھے۔