November 16, 2026

(سخی جام داتار کے 755ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر) بزرگوں کی تعلیمات سے ہی امن، محبت اور بھائی چارے پر مبنی معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے تحریر: اعجاز علی تیونو

IMG-20261115-WA0115

(سخی جام داتار کے 755ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر)

بزرگوں کی تعلیمات سے ہی امن، محبت اور بھائی چارے پر مبنی معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے

تحریر: اعجاز علی تیونو

سرزمین سندھ ہمیشہ سے اولیائے کرام، بزرگوں، درویشوں، صوفیوں اور محبت کا پیغام دینے والی عظیم شخصیات کی سرزمین رہی ہے، جس کی مٹی میں امن، محبت، بھائی چارے، رواداری اور انسانیت کے انمول درس موجود ہیں۔ اس دھرتی پر جنم لینے والے بزرگوں نے اپنے کردار، فکر اور روحانی تعلیمات کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں محبت کے چراغ روشن کیے ہیں۔ ان عظیم ہستیوں میں حضرت سخی جام داتار کا نام بھی انتہائی عقیدت اور احترام سے لیا جاتا ہے، جن کا مزار صدیوں سے عقیدت مندوں کے لیے روحانی سکون، فیض اور عقیدت کا مرکز بنا ہوا ہے۔شہید بینظیرآباد (نواب شاہ) سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر تعلقہ دوڑ کے علاقے جام صاحب میں واقع سندھ کے معروف بزرگ حضرت سید اصغر علی شاہ المعروف سخی جام داتار کا مزار صدیوں سے عقیدت مندوں کے لیے روحانی عقیدت اور سکون کا مرکز ہے، جہاں روزانہ سیکڑوں زائرین حاضری دینے اور روحانی سکون حاصل کرنے کے لیے پہنچتے ہیں۔ سخی جام داتار سے لوگوں کی گہری عقیدت سندھ کی صوفی روایات، روحانی وابستگی اور بزرگوں کی تعلیمات سے محبت کا اظہار ہے، کیونکہ سندھ کے اولیائے کرام اور صوفی بزرگوں نے ہمیشہ انسانیت سے محبت، امن، رواداری، برداشت، سخاوت، بھائی چارے اور بلاامتیاز انسانوں کی خدمت کا پیغام دیا ہے۔ ان کی تعلیمات کا بنیادی مقصد لوگوں کو نفرت، تنازعات اور اختلافات سے دور رکھ کر محبت، احترام اور اجتماعی بھلائی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔اگر معاشرے کے لوگ ان بزرگوں کی تعلیمات پر عمل کریں، ایک دوسرے کی عزت کریں، اختلافات کو برداشت کریں اور انسانیت کو ترجیح دیں تو معاشرے میں امن کے قیام، نفرتوں میں کمی اور بھائی چارے کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت کی جا سکتی ہے۔

حضرت سید اصغر علی شاہ المعروف سخی جام داتار کے 755ویں سالانہ عرس مبارک کی سرکاری تقریبات 16 نومبر سے جام صاحب شہر میں شروع ہو گئی ہیں، جن میں روحانی تقریبات کے ساتھ امن کانفرنس، صوفیانہ راگ رنگ کی محفل اور سندھ کے ثقافتی کھیل کبڈی اور ملاکھڑا کے مقابلے بھی شامل ہیں۔ تین روزہ تقریبات کا مقصد بزرگ سے عقیدت کے اظہار کے ساتھ سندھ کے صوفی فکر، ثقافتی روایات اور امن کے پیغام کو اجاگر کرنا بھی ہے۔سخی جام داتار کے عرس مبارک کے سلسلے میں صوبائی سیکریٹری اوقاف آغا فاخر حسین نے بھی مزار پر حاضری دی اور زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ عرس کے پہلے روز 16 نومبر کو سخی جام داتار کے خدمت گاروں کی جانب سے مزار مبارک کو غسل دیا گیا، جبکہ کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن غلام قادر خان تالپور، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی اور مزار کے سجادہ نشین فقیر نوید حسین وسطڑو نے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھا کر عرس کی تین روزہ سرکاری تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ملک کی خوشحالی، سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ یہ تقریبات بزرگ سے عقیدت و احترام کے اظہار کے ساتھ سندھ کی روحانی روایات کے تسلسل کی علامت ہیں۔

عرس مبارک کے پہلے روز محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے اعلیٰ نسل کے جانوروں کی نمائش بھی منعقد کی گئی، جس میں لوگوں نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ عرس کے دوسرے روز شام کو صوبائی عالمی مشائخ کونسل کی جانب سے مزار کے احاطے میں امن کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں پاکستان بھر کے مختلف مزارات کے گدی نشین اور سجادہ نشین خصوصی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد بزرگوں کے پیغام کو عام کرنے کے ساتھ امن، محبت، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور سماجی رواداری کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ کیونکہ آج کے دور میں جب معاشرے کو برداشت، اتحاد اور باہمی احترام کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے، ایسے میں صوفی بزرگوں کے پیغام کو عام کرنا اور اس پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امن صرف تقریروں اور پیغامات سے قائم نہیں ہو سکتا بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہر فرد اپنی روزمرہ زندگی میں برداشت، انصاف، سچائی اور دوسروں کے حقوق کے احترام کو اپنائے۔ صوفی تعلیمات پر عملی طور پر عمل کرتے ہوئے اختلافات کو دشمنی کے بجائے بات چیت کے ذریعے حل کرنے اور معاشرے میں پائیدار امن قائم کرنے کے امکانات بڑھائے جا سکتے ہیں جبکہ عرس کے تیسرے روز ضلعی انتظامیہ شہید بینظیرآباد کی جانب سے صوفیانہ راگ رنگ کی محفل منعقد کی جائے گی، جس میں صوفی کلام اور روحانی شاعری کے ذریعے محبت، انسانیت اور امن کا پیغام اجاگر کیا جائے گا۔ سندھ کے صوفی شعراء نے اپنے کلام میں انسانوں کی برابری، محبت، رواداری اور انسانیت کی عظمت کو نمایاں کیا ہے۔ ان کی شاعری اور موسیقی لوگوں کو ایک دوسرے سے محبت کرنے، نفرتوں سے گریز کرنے اور انسانیت کی خدمت کے لیے راغب کرتی ہے۔ صوفی کلام کی خوبی یہ ہے کہ وہ زبان، ذات، نسل اور فرقوں کی حدود سے بالاتر ہو کر لوگوں کو مشترکہ انسانی اقدار سے جوڑتا ہے۔صوفیانہ راگ رنگ کی محفل میں سندھ کے معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ سگھڑوں کی جانب سے نڑ بیت بھی پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ کھیل کی جانب سے عرس مبارک کے تینوں دن سندھ کے روایتی کھیلوں کبڈی اور ملاکھڑا کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ یہ مقابلے سندھ کے ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے، نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنے اور مقامی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا اہم موقع فراہم کریں گے۔ کبڈی اور ملاکھڑا سندھ کی قدیم ثقافتی شناخت کا حصہ ہیں، جن کی سرپرستی کے ذریعے نئی نسل کو اپنی روایات اور ثقافت سے جوڑا جا سکتا ہے۔عرس کے موقع پر محکمہ اوقاف اور ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے مزار کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، جبکہ جام صاحب شہر میں صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ مزار پر آنے والے عقیدت مندوں کو صاف ستھرا ماحول اور ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ایسے مواقع پر انتظامی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عقیدت مندوں کی آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے صفائی، سہولیات اور نظم و ضبط کو یقینی بنائیں۔سخی جام داتار کے مزار پر عقیدت مندوں کی آمد اور سالانہ عرس کی تقریبات سندھ کی روحانی روایات سے عوام کی وابستگی کا ثبوت ہیں۔ ایسے مواقع نہ صرف بزرگوں سے عقیدت کے اظہار کے لیے اہم ہیں بلکہ ان کی تعلیمات کو سمجھنے اور عملی زندگی میں اپنانے کا پیغام بھی دیتے ہیں۔ بزرگوں کی عظمت کا اصل تقاضا ان کے پیغام کو اپنے عمل کا حصہ بنانا ہے، کیونکہ محبت، سخاوت، رواداری اور انسانیت کی خدمت جیسے اقدار ہی ایک بہتر اور پُرامن معاشرے کی تعمیر کی بنیاد ہیں۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ صوفی بزرگوں کے امن اور محبت کے پیغام کو صرف عرس کی تقریبات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے روزمرہ زندگی میں بھی اپنایا جائے۔ اگر ہر فرد دوسروں کی عزت، اختلافات کو برداشت کرنے، ضرورت مندوں کی مدد اور اجتماعی بھلائی کو اپنا اصول بنا لے تو معاشرے میں نفرتوں کی جگہ محبت، تنازعات کی جگہ ہم آہنگی اور بداعتمادی کی جگہ اعتماد کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اس طرح سندھ کے صوفی بزرگوں کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے امن، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی معاشرے کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔سخی جام داتار کا 755واں سالانہ عرس مبارک بھی اسی روحانی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع ہے، جس کے ذریعے سندھ کی صوفی روایات، امن کے پیغام، ثقافتی کھیلوں اور روحانی شاعری کو نئی نسل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ بزرگوں کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانا ہی ان کے پیغام کو زندہ رکھنے اور معاشرے میں محبت، امن اور بھائی چارے کو مضبوط بنانے کا بہترین راستہ ہے۔آئیے! اس عرس مبارک کے موقع پر عہد کریں کہ نفرتوں، تعصب اور تنازعات کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے اور بزرگوں کے دیے ہوئے محبت، امن، سخاوت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کریں گے، کیونکہ سندھ کے صوفی بزرگوں کا فکر و فلسفہ ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ انسانیت سب سے مقدم ہے اور محبت ہی ایک پُرامن، خوشحال اور متحد معاشرے کی تعمیر کی بنیاد ہے۔