سکھر: منشیات کے عادی بھائی سے لاتعلقی کے باوجود پولیس کی مبینہ تنگ کرنے کی شکایت، بھائی کا پریس کلب کے سامنے احتجاج
سکھر: منشیات کے عادی بھائی سے لاتعلقی کے باوجود پولیس کی مبینہ تنگ کرنے کی شکایت، بھائی کا پریس کلب کے سامنے احتجاج
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے لائق ماما گوٹھ کے رہائشی غلام قادر چوہان نے سکھر پولیس کی مبینہ زیادتیوں اور بلاجواز تنگ کیے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف کی اپیل کی۔اس موقع پر غلام قادر چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کا بھائی عمران چوہان مبینہ طور پر منشیات کا عادی ہے، جسے کئی مرتبہ سمجھانے کے ساتھ ساتھ مختلف اسپتالوں سے علاج بھی کروایا گیا، تاہم وہ منشیات کے استعمال اور دیگر مبینہ غیرقانونی سرگرمیوں سے باز نہیں آیا۔غلام قادر چوہان کے مطابق بھائی کی مسلسل خراب عادات اور حرکات سے تنگ آکر انہوں نے کافی عرصہ قبل عمران چوہان سے لاتعلقی اختیار کرلی تھی، تاہم اس کے باوجود اس کی مبینہ سرگرمیوں کی وجہ سے پولیس اور دیگر افراد کی جانب سے انہیں اور ان کے اہلخانہ کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کاروباری شخص ہیں اور ان حالات کے باعث انہیں مزید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔احتجاجی شہری نے کہا کہ ان کا عمران چوہان کی مبینہ سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں اور اس سے لاتعلقی اختیار کرنے کے باوجود انہیں بلاجواز پوچھ گچھ اور مبینہ ہراسانی کا سامنا ہے، جس سے ان کے کاروبار اور معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔غلام قادر چوہان نے ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر حقائق کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں، انہیں بلاجواز تنگ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں و ان کے اہلخانہ کو انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔