سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاہین نیوز)سکھر کی آئرن مارکیٹ کے قریب گنجان
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاہین نیوز)سکھر کی آئرن مارکیٹ کے قریب گنجان آبادی پر مشتمل گاؤں لائق ماکا کے قدیمی قبرستان کے مرکزی دروازے کی جانب جانے والے راستے پر مبینہ قبضے کی کوشش کی شکایات سامنے آنے پر علاقہ مکینوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق گاؤں لائق ماکا کے قدیمی قبرستان کے مین گیٹ تک جانے والے راستے پر مبینہ طور پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے باعث قبرستان آنے جانے والے افراد کو مستقبل میں مشکلات کا سامنا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ قبرستان تک رسائی کے لیے استعمال ہونے والا راستہ اہم اور ضروری ہے، اس لیے اس کی حدود کا واضح تعین اور تحفظ ناگزیر ہے۔مقامی رہائشیوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبرستان کے راستے پر کسی بھی قسم کی تجاوز یا قبضے کی کوشش سے نہ صرف شہریوں کو مشکلات پیش آسکتی ہیں بلکہ قدیمی قبرستان تک آمدورفت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر موقع کا معائنہ کیا جائے اور قبرستان کی جانب جانے والے راستے کی باقاعدہ حدبندی کر کے اسے محفوظ بنایا جائے۔علاقہ مکینوں نے یوسی چیئرمین ڈاکٹر محمد عثمان ماکو اور وائس چیئرمین وحید شیخ سے اپیل کی ہے کہ وہ مبینہ قبضے کی کوشش کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں اور قبرستان کے مین گیٹ تک جانے والے راستے کی حدود کا تعین کرا کر اسے تجاوزات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں، تاکہ مستقبل میں کسی قسم کا تنازع یا عوام کو مشکلات پیش آنے کی صورتحال پیدا نہ ہو۔