زرعی کیمپس عمرکوٹ کی بحالی کے لیے طلبہ تحریک تیز کرنے کا فیصلہ، 13 دسمبر کو تین تلوار سے پریس کلب تک پیدل مارچ کا اعلان، طالبات کا کالی پٹیاں باندھ کر سوشل میڈیا پر احتجاج
زرعی کیمپس عمرکوٹ کی بحالی کے لیے طلبہ تحریک تیز کرنے کا فیصلہ، 13 دسمبر کو تین تلوار سے پریس کلب تک پیدل مارچ کا اعلان، طالبات کا کالی پٹیاں باندھ کر سوشل میڈیا پر احتجاج
عمرکوٹ (. رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی) سندھ زرعی یونیورسٹی عمرکوٹ کیمپس کی بحالی اور پرو وائس چانسلر (پی وی سی) کی عدم تقرری کے خلاف سندھ گرلز اسٹوڈنٹ ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں احتجاجی تحریک کو مزید منظم اور تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ 13 دسمبر کو عمرکوٹ کے تین تلوار سے عمرکوٹ پریس کلب تک پیدل طلبہ مارچ کیا جائے گا، جبکہ طالبات نے کالی پٹیاں باندھ کر سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ کمیٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گزشتہ 11 ماہ سے کیمپس میں تدریسی سرگرمیاں معطل ہونے، امتحانات میں تاخیر اور نئے داخلوں میں کمی کے باعث 1200 سے زائد طلبہ کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے، تاہم یونیورسٹی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیدل مارچ کو کامیاب بنانے کے لیے عمرکوٹ سمیت سامارو، کنری، چھور، کھپرو اور دیگر علاقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کی جائے گی اور سیاسی، سماجی و تعلیمی حلقوں کو تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔ کمیٹی نے سندھ حکومت اور سندھ زرعی یونیورسٹی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عمرکوٹ کیمپس میں فوری طور پر پی وی سی مقرر کرکے فزیکل کلاسز، زیر التوا امتحانات اور دیگر تدریسی سرگرمیاں بحال کی جائیں۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ زرعی کیمپس کی مکمل بحالی اور طلبہ کے تعلیمی حقوق کے تحفظ تک پُرامن احتجاجی جدوجہد جاری رہے گی۔