October 12, 2026

سکھر: جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام ہفتہ یکجہتی فلسطین، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی، اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف احتجاج

IMG-20261007-WA0157

سکھر: جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام ہفتہ یکجہتی فلسطین، فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی، اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف احتجاج

سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین۔ زیدی دعا ان لاہین ۔نیوز)جماعت اسلامی ضلع سکھر حلقہ خواتین کی جانب سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی خصوصی ہدایت پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی ہفتہ یکجہتی فلسطین منایا گیا۔ اس سلسلے میں سکھر پریس کلب کے سامنے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں خواتین کارکنان اور شہریوں نے شرکت کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور فلسطین میں جاری انسانی بحران اور تشدد پر تشویش کا اظہار کیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی ضلع سکھر کی نائب ناظمہ سمینہ شوکت نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے فلسطینی عوام کے حق میں اور اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف نعرے لگائے اور عالمی برادری، اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان سے فلسطینی عوام کے تحفظ اور مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سمینہ شوکت نے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا یہ اجتماع فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور ان پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام طویل عرصے سے شدید مشکلات اور خونریزی کا سامنا کر رہے ہیں اور ان حالات میں عالمی برادری سمیت مسلم ممالک کے حکمرانوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پر خاموش رہنے کے بجائے عالمی سطح پر آواز بلند کرنے اور اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے کے لیے مؤثر سفارتی و سیاسی کوششیں کی جانی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی خواتین فلسطینی عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور فلسطین کاز کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گی۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اسماء ساجد نے کہا کہ وہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج میں شریک ہوئی ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے فلسطین میں ہونے والی صورتحال پر انہیں گہری تشویش اور دکھ ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام مشکلات اور خونریزی کا سامنا کر رہے ہوں اور دنیا کے دیگر حصوں میں لوگ معمول کی زندگی گزاریں، یہ صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ فلسطینی عوام کے حق میں مؤثر آواز بلند کرے اور عالمی فورمز پر فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے عملی اور مؤثر سفارتی اقدامات کرے۔اسماء ساجد نے اقوام متحدہ، عالمی اداروں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کے خلاف جاری تشدد کے خاتمے، انسانی جانوں کے تحفظ اور دیرپا امن کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف ایک خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث تشویش ہے، اس لیے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے اور عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق، انسانی جانوں کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔