October 12, 2026

اسلام آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) سینئر صحافی اور کالم نگار ظہیرالدین بابر نے دی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ میڈیا اسٹڈیز میں اپنے پی ایچ ڈی

IMG-20261007-WA0153

اسلام آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) سینئر صحافی اور کالم نگار ظہیرالدین بابر نے دی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ میڈیا اسٹڈیز میں اپنے پی ایچ ڈی کے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کر لیا۔ کامیاب دفاع کے بعد بیرونی ممتحن نے انہیں ڈاکٹر آف فلاسفی (پی ایچ ڈی) کی ڈگری کے لیے اہل قرار دے دیا۔
پی ایچ ڈی کے مقالے کے دفاع کے موقع پر شعبہ میڈیا اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر ملک عدنان، سپروائزر ڈاکٹر شفق منظور اور دیگر سینئر اساتذہ موجود تھے۔ بیرونی ممتحن پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد پراچہ، چیئرپرسن شعبہ ابلاغیات، نے بطور بیرونی ممتحن مقالے کا جائزہ لیا۔
دفاع کے دوران ظہیرالدین بابر نے اپنے تحقیقی کام کے حق میں تفصیلی دلائل پیش کیے اور ممتحن کی جانب سے کیے گئے مختلف سوالات کے مدلل جوابات دیے۔ سوال و جواب کے مرحلے میں تحقیق کے مختلف پہلوؤں، مرد و خواتین صحافیوں کو درپیش مسائل، صحافت کے شعبے کو درپیش چیلنجز، میڈیا انڈسٹری میں رونما ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں اور ابھرتے ہوئے رجحانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
بیرونی ممتحن نے ظہیرالدین بابر کی تحقیقی کاوش، موضوع پر دسترس اور مقالے کے دفاع کے دوران پیش کیے گئے دلائل کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا اور کامیاب دفاع کے اختتام پر انہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری کے لیے اہل قرار دے دیا۔
ظہیرالدین بابر کی اس علمی و تحقیقی کامیابی پر صحافتی برادری، دوست احباب، ساتھیوں اور مختلف علمی و ادبی حلقوں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے مزید کامیابیوں اور روشن مستقبل کی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔