October 2, 2026

سکھر(بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی) سندھ ہائیکورٹ سکھر کے باہر خیرپور پولیس کی مبینہ

Screenshot_2026-09-29_142914.335

سکھر(بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی) سندھ ہائیکورٹ سکھر کے باہر خیرپور پولیس کی مبینہ زیادتی، وردی میں ملبوس اہلکار معذور نوجوان کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے، مزاحمت کرنے والی ضعیف والدہ کو دھکے دے کر سڑک پر گرا دیا، متاثرہ خاندان کا نوجوان کی فوری بازیابی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔
خبر کے مطابق خیرپور کے علاقے فیض محمد بندو کے رہائشی 30 سالہ معذور نوجوان وزیر حسین ولد واحد بخش ناریجو کو مبینہ طور پر خیرپور پولیس نے سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ کے باہر سے زبردستی اٹھا کر گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
متاثرہ نوجوان کی والدہ حضوران خاتون اور بھابھی مائی دلشاد خاتون نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں زیرِ سماعت درخواست کی پیشی کے لیے ایک ٹانگ سے معذور وزیر حسین کے ہمراہ عدالت پہنچی تھیں۔ عدالت کے باہر سڑک پر موجود وزیر حسین کو پولیس وردی میں ملبوس تین اہلکاروں نے نامعلوم افراد کی مدد سے ان کی آنکھوں کے سامنے مبینہ طور پر زبردستی پکڑ کر ایک گاڑی میں بٹھایا اور لے گئے۔
نوجوان کی والدہ کا کہنا تھا کہ بیٹے کو چھڑانے کے لیے مزاحمت کرنے پر پولیس اہلکاروں نے انہیں دھکے دیے اور تشدد کرکے سڑک پر گرا دیا، جس کے بعد وہ بے بسی کی حالت میں چیختی اور دہائیاں دیتی رہیں۔ بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ سکھر کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے انہیں سہارا دے کر سڑک سے اٹھایا
دوسری جانب وکیل مبین ناریجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کے ہاتھوں مبینہ طور پر اٹھائے گئے نوجوان وزیر حسین ناریجو کے بھائی مرچ ناریجو نے 2024ء میں مائی دلشاد خاتون سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں تحفظ فراہم کرنے کے لیے آئینی رٹ پٹیشن دائر کی تھی۔ آج اسی درخواست کی سماعت کے لیے وزیر حسین اپنی والدہ اور بھابھی کے ہمراہ عدالت آیا تھا۔
وکیل نے مطالبہ کیا کہ خیرپور پولیس کی جانب سے معذور نوجوان کو مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر حراست میں لیے جانے کا فوری نوٹس لیا جائے۔
متاثرہ خاندان نے چیف جسٹس سندھ، سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ کے معزز ججز و رجسٹرار، انسانی حقوق کی تنظیموں، آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کارروائی میں مبینہ طور پر اٹھائے گئے معذور نوجوان وزیر حسین ناریجو کو فوری بازیاب کرایا جائے اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔