عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی سولر سسٹم معاملہ
عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی
سولر سسٹم معاملہ
عمرکوٹ کے تعلقہ سامارو میں سولر سسٹم کی مبینہ تقسیم کے عمل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، سرسو ادارو سمیت مختلف علاقوں کی خواتین سے تقریباً دو ماہ قبل فارم اور ضروری دستاویزات کی نقول حاصل کی گئیں، تاہم متاثرہ خواتین کے مطابق انہیں تاحال سولر سسٹم فراہم نہیں کیے گئے، معاملے پر سندھ حکومت اور متعلقہ حکام سے نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق
تعلقہ سامارو کے علاقے سرسو ادارو میں سولر سسٹم کی فراہمی کے لیے تقریباً دو ماہ قبل خواتین سے فارم پُر کروائے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق یونین کونسل ارارو، برگری گوٹھ، احمد خان برگری اور دیگر علاقوں میں بعض خواتین سے شناختی کارڈز اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق دستاویزات کی فوٹو کاپیاں بھی حاصل کی گئیں۔
متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ دستاویزات جمع کروانے کے باوجود انہیں ابھی تک سولر سسٹم فراہم نہیں کیے گئے، جس کے باعث وہ تشویش میں مبتلا ہیں۔
شہریوں اور متاثرہ خواتین نے سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر شفاف اور غیر جانب دارانہ انکوائری کرائی جائے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات میں کسی قسم کی بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مستحق خواتین کو ان کا حق فراہم کیا جائے۔