نورپورتھل(راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب
نورپورتھل(راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کے ہمراہ ٹی ایچ کیو ہسپتال نورپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نورپور شازیہ رحمان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹی ایچ کیو ہسپتال نورپور سرجن ڈاکٹر امیر عمر، ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور دیگر متعلقہ اہلکار بھی موجود تھے۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن کو ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات، طبی سہولیات اور دیگر علاج معالجے کی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے ہسپتال کے ایمرجنسی، میل و فی میل وارڈز، گائنی وارڈ، فارمیسی، ریسپشن کاؤنٹر، لیبارٹری سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے ہسپتال میں ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کی حاضری بھی چیک کی اور طبی عملے کو مریضوں کی دیکھ بھال میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فری میڈیسن ویژن کو ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے۔ ہسپتال آنے والے مریضوں کو معیاری، بروقت اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال نورپور میں صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ہسپتال کے انتظامی امور میں بھی مزید بہتری یقینی بنائی جائے۔ بعد ازاں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر آفس نورپور تھل کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نورپور شازیہ رحمان نے کمشنر سرگودھا ڈویژن کو تحصیل نورپور تھل کے انتظامی امور، جاری ترقیاتی و دیگر سرکاری سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے اور حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔