سکھر: ضلعی کونسل ورکر یونین کو ایک سال مکمل، تقریب میں کیک کاٹا گیا
سکھر: ضلعی کونسل ورکر یونین کو ایک سال مکمل، تقریب میں کیک کاٹا گیا
سکھر(بیورورپورٹ)ضلعی کونسل ورکر یونین کو ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں ضلعی کونسل آفس کے اندر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ورکر یونین کے چیئرمین فرمان علی کوسو، صدر دہیسر جاگیرانی، جنرل سیکریٹری سید ایاز علی شاہ سمیت دیگر عہدیداران اور یونین کے ممبران نے شرکت کی۔ تقریب میں ورکر یونین کی ایک سالہ کارکردگی، ملازمین کے مسائل کے حل اور ان کے جائز حقوق کے لیے کی جانے والی جدوجہد پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر ورکر یونین کو ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ یونین کے عہدیداران اور ممبران نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ضلعی کونسل کے ملازمین کے جائز حقوق اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ورکر یونین کے رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران یونین نے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور محنت اور جدوجہد کی ہے، جس کے نتیجے میں 15 سال کے طویل عرصے کے بعد ڈی پی سی (محکمانہ ترقیاتی کمیٹی) کا اجلاس منعقد کیا گیا، جو ملازمین کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے ترقی کے منتظر ملازمین کو ڈی پی سی کے ذریعے ان کا جائز حق ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ضلعی کونسل ورکر یونین کا ہر عہدیدار اور ممبر اپنے کام کے ساتھ مخلص ہے اور ملازمین کی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ یونین کی مسلسل کوششوں کے باعث بیمار ملازمین کو میڈیکل سہولیات اور مالی امداد کی فراہمی سمیت دیگر جائز مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونین کا مقصد صرف ملازمین کے مسائل کی نشاندہی کرنا نہیں بلکہ ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے عملی اقدامات کروانا بھی ہے۔ ملازمین کو درپیش مشکلات کے خاتمے اور ان کے بنیادی و جائز حقوق کے حصول کے لیے آئندہ بھی ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر ورکر یونین کے رہنماؤں نے ضلعی چیئرمین سید کامل حیدر شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایات اور تعاون کی وجہ سے ضلعی کونسل کے افسران بھی ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی چیئرمین کی جانب سے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے باعث غریب اور مستحق ملازمین کے جائز کام تیزی سے ہو رہے ہیں۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ افسران اور ورکر یونین کے درمیان تعاون اور رابطے کا سلسلہ برقرار رہنے سے ملازمین کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ورکر یونین مستقبل میں بھی ملازمین کی ترقی، میڈیکل سہولیات، مالی معاونت اور دیگر جائز مطالبات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر ورکر یونین کے ایک سال مکمل ہونے پر عہدیداران اور تمام ممبران کو مبارکباد پیش کی گئی اور یونین کی کامیابی و ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔